وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود نے کہا ہے کہ پاکستان کو ترقی کے راستے پر گامزن کرنے کا سہرا شہبازشریف کے سر ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود نے فیصل آباد میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2018 کے انتخابات میں جھرلو پھیرا گیا اور نام نہاد حکومت قائم کی گئی جو کبھی بھی پاکستان کی ترجمان نہ تھی۔ہم 2018 کے اس سفر کا آغازکررہے ہیں جس کے بعد ملک کو تباہ وبرباد کیا گیا۔
وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ ہم نے اس ڈمی حکومت کو جو پاکستان کی معیشت کو جام اور قوم کو تقسیم کرنے کے لئے لائی گئی تھی اس کو ہٹا کرثابت کیا کہ پاکستان کے اتحاد کو کوئی پارہ پارہ نہیں کرسکتا۔
مولانا اسعد محمود نے یہ بھی کہا کہ ہم نے بین الاقوامی دنیا، ہمسایہ ممالک کا اعتماد بحال کیا،وہ اہداف حاصل کیے جو ملک وقوم کے لازمی تھے۔آئی ایم ایف سے معاہدہ کیا،پاکستان کو گرے لسٹ سے ہماری حکومت نے نکالا،نئے منصوبے اور بیرونی سرمایہ کاری اس حکومت پراعتماد ہے۔
انہوں نے کہا کہ آنے والا الیکشن اس اعتماد پر قوم نے مہر تصدیق ثبت کرنی ہے کہ یہی لوگ پاکستان میں ترقی اور استحکام کی ضمانت ہیں،گزشتہ 3 سال میں کوئی نیا منصوبہ شروع نہیں ہوا ہم 51 نئے منصوبے شروع کررہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف موٹر ویز کے بانی ہیں ان کے مشن کو لے کرہم آگے بڑھ رہے ہیں۔پشاور سے شروع ہونے والے موٹر وے کو گوادر اور کراچی تک پہنچا کردم لیں گے۔فیصل آباد کا سنگ بنیاد فیصل آباد کے لوگوں کے ساتھ کاروبار کرنے کے خواہش مند ہیں یہ منصوبہ ان سب کے لئے ہے۔
مولانا اسعد محمود کا یہ بھی کہنا تھا کہ شہبازشریف کی سربراہی میں سفر کے ثمرات اب عوام کو ملنے شروع ہوئے ہیں، مہنگائی اور مشکلات گزشتہ حکومت کی پیداکردہ ہیں۔اس کربناک وقت سے متحد ہوکر نکلنا ہوگا۔
وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی دھرتی کے وفادار ہی اس دھرتی کے باسی ہیں،اللہ پاک اس دھرتی کا حق ادا کرنے کی ہمیں توفیق دے۔
