لیونل میسی کی فری کک پر لیجنڈری فٹبالر ڈیوڈ بیکھم کا رد عمل سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں گذشتہ برس فٹ بال ورلڈکپ جیتنے والی ٹیم ارجنٹائن کے کپتان لیونل میسی نے انٹر میامی کی جانب سے فری کک پر گول کیا تو اسٹیڈیم میں موجود تماشائی انہیں داد دیے بغیر نہ رہ سکے۔
میسی کی جانب سے فری کک پر گول کے بعد بڑی اسکرین پر مانچسٹر یونٹائیڈ اور انگلینڈ فٹبال ٹیم کے سابق کھلاڑی ڈیوڈ بیکھم کو دکھایا گیا جو میسی کے گول پر جشن منارہے تھے ، اس دوران ان کا رد عمل سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔
خیال رہے کہ ڈیوڈ بیکھم نے لیونل میسی کو انٹر میامی کلب سے معاہدہ کروانے میں اہم کردار ادا کیا تھا اور ان کی ٹیم میں شمولیت کے بعد وہ اب تک 4 میچوں مین 7 شاندار گول اسکور کرچکے ہیں۔
گزشتہ روز کھیلے جانے والی لیگز کپ میچ میں بھی میسی نے ایف سی ڈلاس کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو گول اسکور کیے، جس میں فری کک پر گول بھی شامل تھا اور اپنی ٹیم کو جیت سے ہمکنار کروایا۔
لیونل میسی کے فری کک کی بدولت انٹر میامی مخالف ٹیم کے خلاف میچ 4-4 گول سے برابر کرنے میں کامیاب رہی، یہی وجہ ہے کہ میسی کے گول پر ڈیوڈ بیکھم نے بے ساختہ رد عمل دیا جسے سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے پسند کیا جارہا ہے۔
