وفاقی سیکرٹری صحت افتخار علی شلوانی نے کہا ہے کہ وزارت صحت کے شعبے اور عوام کی فلاح وبہبود کیلئے عملی اقدامات کو یقینی بنارہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق جرمنی کے سفیر الفریڈ گراناس نے وفاقی سیکرٹری صحت افتخار علی شلوانی سے ملاقات کی ہے۔
ملاقات میں صحت کے شعبے اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی اور پمز ہسپتال کی ایم آر آئی مشین کی تنصیب کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر وفاقی سیکرٹری صحت افتخار شلوانی نے کہا کہ جرمن کمپنی سیمنز پمز میں ایم آر آئی مشین 6 ستمبر کو فعال کر دے گی اور اس حوالے سے پمز انتظامیہ اور جرمن سپلائر نے یقین دہانی کرا دی ہے اس پر جرمنی کے سفیر کا خصوصی طور مشکور ہوں۔
وفاقی سیکرٹری صحت نے کہا کہ پمز اسپتال وفاقی دارالحکومت کا سب سے بڑا اسپتال ہے، پمز اسپتال میں روزانہ12سے 15 ہزار مریض علاج کیلئے آتے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پمز اسپتال کی کارکردگی کو مزید بہتر کرنے مؤثر اقدامات کو یقینی بنارہے ہیں۔پمز اسپتال کی مشین کافی عرصہ سے خراب تھی جس کی وجہ سے مریضوں کو مشکلات کا سامنا تھا۔
وفاقی سیکرٹری صحت افتخار علی شلوانی نے کہا کہ ہیلتھ سیکرٹری کی ذمہ داریاں سنبھالتے ہی اس اہم معاملہ کا نوٹس لیا اور پمز اسپتال کی انتظامیہ کو اگست تک ڈیڈ لائن دی تھی۔وزارت صحت کے شعبے اور عوام کی فلاح وبہبود کیلئے عملی اقدامات کو یقینی بنارہی ہے۔
ملاقات میں ڈی جی ہیلتھ اور پمز کی ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ برائے ریڈیالوجی بھی موجود تھے۔
