صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ استحکام پاکستان پارٹی عوامی حقوق کے تحفظ کے لئے غریب عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان نے پیٹرول و ریلوے کے کرایوں میں اضافے پر سخت تنقید کی ہے۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ مہنگائی و پیٹرولیم کی قیمتوں میں اضافے سے ہر شہری تلملا اٹھا، غریب سے جینے کا حق چھینا جا رہا ہے، مہنگائی کی انتہا ہو گئی ہے پہلے سے عذاب میں مبتلا عوام کی سانسیں بند ہو ر ہی ہیں۔
صدر آئی پی پی نے یہ بھی کہا کہ پچھلی دونوں حکومتوں نے پانچ سال ضائع کر دیے ہیں،مزید تباہی ہو رہی ہے، لوگوں کو فوری ریلیف نہ ملا تو لوگوں کا جینا مشکل ہو جائے گا۔
عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومتیں اپنی جیبیں بھرنے کی بجائے غریب عوام کا سوچتی تو آج حالات مختلف ہوتے، پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے روزمرہ اشیاء کی قیمتوں میں بے شمار اضافہ ہو جائے گا۔
صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان کا مزید کہنا تھا کہ استحکام پاکستان پارٹی عوامی حقوق کے تحفظ کے لئے غریب عوام کے ساتھ کھڑی ہے، مہنگائی ختم کرنے کا نعرہ لگانے والوں نے عوام سے روٹی کا ایک ایک نوالہ چھین لیا ہے۔
