نگراں وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تاریخی اور گہرے برادرانہ تعلقات ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیرحماد عبید ابراہیم سالم الزابی نے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے ملاقات کی جس میں یواے ای سفیر نے انوارالحق کاکڑ کو عہدہ سنبھالنے پر متحدہ عرب امارات کی قیادت کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔
انوارالحق کاکڑ نے مبارکباد کے پیغامات پر متحدہ عرب امارات کی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تاریخی اور گہرے برادرانہ تعلقات ہیں۔
انہوں نے پاکستان کے معاشی اور مالی استحکام کے لئے متحدہ عرب امارات کی حمایت پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ مختلف شعبوں بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی میں دونوں ممالک کے باہمی تعاون کو آگے بڑھانے کے لئے کام کرنے کے منتظر ہیں۔
نگراں وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں کے اہم کردار پر بھی زور دیا اور توقع ظاہر کی کہ متحدہ عرب امارات کی حکومت ان کی مسلسل حمایت جاری رکھے گی۔

















