پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے جڑانوالہ میں پیش آنے والے واقعات پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی راجہ نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے ان واقعات کے پیچھے اصل محرکات کو سامنے لائیں، یہ واقعات پاکستان کے خلاف سازش بھی ہوسکتے ہیں۔
پرویز اشرف نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے، قرآن پاک کی بے حرمتی میں ملوث عناصر کو قانون کے مطابق کٹہرے میں لایا جائے۔
اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے مزید کہا کہ تشدد، توڑ پھوڑ اور جلاو گھیراو کے واقعات انتہائی افسوس ناک ہیں۔
جڑانوالہ : توہینِ مذہب کا مبینہ واقعہ، مشتعل افراد نے 4 گرجا گھر جلا ڈالے
پنجاب کے شہر جڑانوالہ میں توہینِ مذہب کا مبینہ واقعہ پیش آیا، مشتعل افراد نے 4 گرجا گھر، مسیحی برادری کے درجنوں مکان، گاڑیاں اور مال و اسباب جلا دیئے۔
صوبائی حکومت نے واقعےکی اعلیٰ سطح پر انکوائری کا حکم دے دیا جبکہ واقعے کے بعد کشیدہ صورتحال کے پیش نظر کل تحصیل جڑانوالہ میں عام تعطیل کا اعلان کردیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کا کہنا ہے کہ جڑانوالہ میں کشیدہ صورتحال کے پیش نظر ضلع بھر میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر فیصل آباد علی عنان قمر کا مزید کہنا ہے کہ شہر میں امن و امان کی مکمل بحالی اور صورتحال معمول پر آنے تک دفعہ 144 نافذ رہے گی۔
