Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نگراں وفاقی کابینہ نے حلف اٹھالیا

ایوان صدر میں نگران وفاقی کابینہ کی تقریب حلف برداری ہوئی جس میں نگران وفاقی وزراء نے حلف اٹھا لیا۔

صدر ڈاکٹر عارف علوی نے نگران وفاقی وزراء سے حلف لیا جبکہ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ بھی تقریب میں موجود تھے۔

حلف اٹھانے والوں میں لیفٹیننٹ جنرل(ر)انور علی ،شاہد اشرف تارڑ ،جلیل عباس جیلانی ،احمد عرفان اسلم اور سرفراز بگٹی شامل ہیں جبکہ ششماد اختر ،مرتضیٰ سولنگی،عمر سیف ،محمد علی ،انیق احمد ،گوہر اعجاز ،ندیم جان بھی حلف اٹھانے والوں میں شامل ہیں۔

لیفٹیننٹ جنر ل(ر) انور علی حیدر نگران وزیر دفاع ہوں گے جبکہ شمشاد اختر کو نگران وزیر خزانہ کا قلمدان دیا جائے گا۔

مرتضیٰ سولنگی اطلاعات و نشریات کے وزیر ہوں گے جبکہ ڈاکٹر عمر سیف وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی اور احمد تارڑ مواصلات کے وزیر ہوں گے۔

سرفراز بگٹی وزارت داخلہ کا قلمدان سنبھالیں گے جبکہ سابق سیکریٹری جلیل عباس جیلانی وزارت خارجہ کا قلمدان سنبھالیں گے۔

انیق احمد نگران وزیر مذہبی امور اور تابش گوہر نگران وزیر توانائی ہوں گے جبکہ گوہر اعجاز کو نگران وزیر تجارت کا قلمدان سونپا جائے گا۔

بریگیڈیئر ر مظفر رانجھا بھی نگراں کابینہ کا حصہ ہوں گے، مدد علی سندھی وفاقی وزارت تعلیم کا قلمدان سنبھالیں گے جبکہ جمال شاہ قومی ورثہ کے نگران وزیر ہوں گے۔

ندیم جان نگران وزیر صحت، خلیل جارج نگران وزیر اقلیتی امور، جمال شاہ نگران وزیر ثقافت و قومی ورثہ ، احمد عرفان نگران وزیر قانون اور شاہد اشرف تارڑ  نگران وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز ہوں گے۔

وقار مسعود خان کو مشیر برائے خزانہ مقرر کر دیا گیا ہے جبکہ ایئر مارشل ریٹائرڈ فرحت حسین مشیر برائے ہوا بازی ہوں گے اوراحد چیمہ وزیراعظم کے مشیر برائے اسٹیبلشمنٹ ہوں گے۔

چھ معاونین خصوصی بھی مقرر کرنے کا فیصلہ

نگراں وفاقی کابینہ کے لئے چھ معاونین خصوصی بھی مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

مشال حسین ملک معاون خصوصی برائے انسانی حقوق اور وومن ایمپاورمنٹ ہوں گی جبکہ جواد سہراب ملک معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی ہوں گے۔

وائس ایڈمرل ریٹائرڈ افتخار راؤ بحری امور کے معاون خصوصی ہوں گے،وسیع شاہ معاون خصوصی برائے سیاحت ہوں گے جبکہ ڈاکٹر جہانزیب خان معاون خصوصی برائے ایس آئی ایف سی ہونگے اور سیدہ عارفہ زہرا معاون خصوصی برائے تعلیم اور قومی ہم آہنگی ہوں گی۔

متعلقہ خبریں