مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی اصل طاقت نوجوان ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے لاہور میں صوبائی حلقوں کے یوتھ کوآرڈینیٹرز سے ملاقات کی اور اُن میں نوٹیفکیشن تقسیم کیے۔
ملاقات میں مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی اصل طاقت نوجوان ہیں، یہ دور نوجوانوں کا ہے، زندگی کے ہر شعبے میں ترقی ان کا حق ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پارٹی ہر سطح پر یوتھ اور اس کے نمائندوں کو آگے بڑھنےکا موقع دے گی، آپ نے پارٹی کا پیغام گھر گھر پہنچانا ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن نے ہر دور میں نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کئے، ن لیگی شیروں نے ہر موقع پر فرنٹ لائن واریئرز کا کردار نبھایا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ نواز شریف نے جب بھی نوجوانوں کو کال دی، انہوں نے اپنے قائد کی کال پر لبیک کہا۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان تیاری کرلیں، نواز شریف جلد آپ کے درمیان ہوں گے، فتنہ پارٹی نے نوجوانوں کے ذہنوں میں صرف نفرت اور انتشار پیدا کیا۔
مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے مزید کہا کہ اس کا عملی مظاہرہ قوم نے 2014ء کے دھرنے اور 9 مئی کے واقعات کی صورت میں دیکھا، فتنہ فساد گروپ نے پاکستان میں ڈنڈے اور گالی کی سیاست کو فروغ دیا۔
