نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے صدر آزاد ریاست جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے ملاقات کی جس میں صدر آزاد جموں و کشمیر نے انوار الحق کاکڑ کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
مالقات میں صدر آزاد جموں و کشمیر نے نگراں وزیراعظم کو آزاد جموں و کشمیر آنے اور قانون ساز اسمبلی سے خطاب کرنے کی دعوت دی۔
نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے صدر آزاد جموں و کشمیر کو پاکستان کی جانب سے کشمیر کے لئے غیر مشروط حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حصول کی جد وجہد میں ہم ان کے شانہ بہ شانہ کھڑے رہیں گے۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی مدد تب تک جاری رکھے گا جب تک اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق استصوابِ رائے سے نہیں ہوجاتا۔
نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے مزید کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق استصوابِ رائے کے ذریعے تنازعہ کے حل تک حمایت جاری رکھے گا۔
