چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ کشمیری ہوں اور کشمیری ہونے پر فخر ہے۔
تفصیلات کے مطابق آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق سے مرکزی تنظیم تاجران آزادکشمیر کے وفد کی ملاقات ہوئی، وفد کی قیادت تنظیم کے صدر سردار عبد الرزاق خان نے کی۔
چوہدری انوارالحق نے کہا کہ تاجر برادری کا ریاست کی سماجی اور اقتصادی ترقی میں اہم کردار ہے، تاجر برادری کی فلاحی کاموں میں بھی خدمات قابل تعریف ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ قانون کی حاکمیت حکمرانوں سے شروع ہوتی ہے ، قانون کا اطلاق وزیراعظم سے شروع کیا ہے تاکہ کوئی رعایت کا سوچے بھی نہ، تاجر ریاست کا طاقتور معاشی طبقہ ہے آپ کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔
وزیراعظم آزادکشمیر کا کہنا تھا کہ ایسا وعدہ نہیں کرتا جو پورا نہ کر سکوں ، سرکاری وسائل سے عوام کو سہولتیں فراہم کرنا مشن ہے، سرکاری ملازمین کی تنخواہیں بڑھانے کا اعلان کیا تھا مشکل معاشی صورتحال کے باوجود اس پر عمل کر دیا۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ میرا ماٹو ہے ظالم کا ساتھ نہیں دیتا مظلوم کو چھوڑ نہیں سکتا، کشمیری ہوں اور کشمیری ہونے پر فخر ہے۔
وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق کا مزید کہنا تھا کہ تحریک آزادی کشمیر کے ساتھ جذباتی وابستگی ہے ، انشاءاللہ کشمیری الحاق پاکستان کی منزل حاصل کر کے رہیں گے۔
