Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے محفوظ رہنے کے لئے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں، انوار الحق

انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے محفوظ رہنے کے لئے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔

تفصیلات کے مطابق نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑنے پاکستان بھر میں مون سون شجرکاری مہم 2023 کا آغاز کردیا،وزیرِ اعظم نے مون سون شجر کاری مہم 2023 کا آغاز اسلام آباد میں پودا لگا کر کیا۔

نگران وزیرِ اعظم کو اس موقع پر شجرکاری مہم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی کہ رواں سال مون سون شجر کاری مہم کے تحت ملک بھر میں مجموعی طور پر 1 کروڑ 10 لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔

بریفنگ دیتے ہوئے کہا گیا کہ رواں سال بہار شجر کاری مہم کے تحت ملک بھر میں 13 کروڑ 98 لاکھ پودے لگائے گئے۔

بریفنگ دیتے ہوئے مزید کہا گیا کہ وزارت موسمیاتی تبدیلی، صوبائی محکمہ جنگلات تعاون سے شجر کاری مہمات کی اہمیت کے بارے میں آگاہی کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔

مہم کے آغاز پر نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے مسائل سے نمٹنے کیلئے سیاست سے بالاتر ہو کر قومی جذبے سے کام کرنا ہوگا۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے محفوظ رہنے کے لئے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں، پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اسلامی تعلیمات سے ہمیں حقوق العباد، حقوق اللہ اور نباتات کے حقوق کا درس ملتا ہے، ان نعمتوں کی قدر کرنے کی ضرورت ہے۔

انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ آلودگی اور ماحول کو متاثر کرنے والے دیگر عوامل سے منفی اثرات پیدا ہوتے ہیں جس کا نتیجہ کبھی ہم سیلاب، کبھی زلزلہ یا کبھی دیگر قدرتی آفات کی صورت میں دیکھتے ہیں۔

نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کا مزید کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے بچنے کیلئے دیگر اقدامات میں عالمی برادری کو بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔سیاسی جماعتوں، سول سوسائٹی اور دیگر فریقین کو موسمیاتی تبدیلی کے مسئلہ کے حل کو اپنی ترجیح بنانا ہوگا۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version