محسن نقوی نے کہا ہے کہ ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی جائے۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت پرائس کنٹرول کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا جس میں صوبے کے عوام کو ریلیف دینے اور مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لئے اہم فیصلے لیے گئے۔
اجلاس میں سیکرٹری صنعت نے اشیائے ضروریہ کی دستیابی اور قیمتوں کے بارے میں بریفنگ دی جبکہ سیکرٹری خوراک نے چینی کی ڈیمانڈ اور قیمتوں کے بارے میں آگاہ کیا۔
صوبائی وزراء، مشیران، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنر ز کو منڈیوں کے باقاعدگی سے دورے کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا کہ پنجاب میں تمام منڈیوں کی مانیٹرنگ ہوگی جبکہ صوبائی وزراء،مشیران،کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز منڈیوں میں نیلامی کے عمل کو مانٹیر کریں گے۔
دکانوں پر ریٹ لسٹ نمایاں طور پر آویزاں کرنے کی ہدایت دی گئی اور کہا گیا کہ اشیائے ضروریہ کی ریٹ لسٹ پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
اجلاس میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو مارکیٹوں اور بازاروں کے دورے کرکے اشیائے ضروریہ کی مقرر کردہ نرخوں پر فروخت یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ ریٹ لسٹ سے زائد قیمت پر اشیائے ضروریہ کی فروخت بلاامتیاز کارروائی کی جائے جبکہ ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی جائے۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے مزید کہا کہ مہنگائی کے باعث لوگوں کو مشکل کا سامنا ہے،ہم سب نے مل کر بھرپور کوشش کرنی ہے اور عوام کو حقیقی ریلیف دینا ہے، پرائس کنٹرول کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیا جائے گا۔
اجلاس میں صوبائی وزراء، مشیران، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس،چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ،چیئرمین چیف منسٹر انسپکشن ٹیم، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو،ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ، سیکرٹریز انڈسٹریز، خوراک، خزانہ، ٹرانسپورٹ، لائیوسٹاک، زراعت، کمشنر لاہور ڈویژن، کین کمشنر، چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ، ڈپٹی کمشنر، ندیم رضا اورمتعلقہ حکام نے شرکت کی جبکہ تمام ڈویژنل کمشنر ز اور آرپی اوز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔
