گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ تعلیم کے شعبے میں برطانوی تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے نئی تعینات ہونے والی برٹش ہائی کمشنر جین میریٹ کی ملاقات ہوئی جس میں تجارت اور ماحولیاتی تبدیلیوں سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں نئی تعینات یونے والی برٹش ہائی کمشنر نے پاکستان کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے لیے عزم کا اظہار کیا۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے نئی تعینات ہونے والی برٹش ہائی کمشنر کو خوش آمدید کہا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
محمد بلیغ الرحمان نے یہ بھی کہا کہ برطانیہ یورپ میں پاکستان کا اہم اقتصادی و شراکت دار ہے۔یو کے کی ترجیحی تجارتی سکیم میں پاکستان کی شمولیت خوش،آئند اقدام ہے اس سے دو طرفہ تجارت کو مذید فروغ ملے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں برطانوی سرمایہ کاروں کے لیے ٹیکسٹائل اور زراعت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
محمد بلیغ الرحمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے پاکستان بہت متاثر ہوا ہے، پاکستان کو پچھلے سال موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے مختلف حصوں میں بدترین سیلاب کا سامنا کرنا پڑا۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان کی زراعت پر بھی موسمیاتی تبدیلیوں کے بڑے اثرات مرتب ہو رہے ہیں، سیلاب متاثرین کے لیے برطانوی حکومت کی امداد کے شکرگزار ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ تعلیم کے شعبے میں برطانوی تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، کئی پاکستانی طلبہ برطانیہ کی یونیورسٹیوں میں اعلی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔
محمد بلیغ الرحمان نے مزید کہا کہ حکومت آئین پاکستان کے مطابق تمام اقلیتوں کو مساوی حقوق دینے پر یقین رکھتی ہے۔
ملاقات میں گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے نئی تعینات ہونے والی برطانوی ہائی کمشنر کو روایتی چادر پہنائی اور سوینئر بھی پیش کیے۔
