پاکستان 30-31 اگست کو اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے امن مشن کے آئندہ اجلاس کی تیاری کے حوالے سے اجلاس کی میزبانی کرے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق اجلاس کا موضوع “اقوام متحدہ کے امن دستوں کی حفاظت اور سلامتی” ہے، جاپان اس اجلاس کا شریک میزبان ہے جو پاکستان کے سب سے بڑے تربیتی ادارے سینٹر فار انٹرنیشنل پیس اینڈ سٹیبلیٹی میں منعقد ہو رہا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کے نگران وزیر خارجہ اور نگران وزیر دفاع تیاری کے اجلاس میں کلیدی خطاب کریں گے جبکہ 156 ممالک پر مشتمل اقوام متحدہ کی خصوصی کمیٹی برائے امن کیپنگ آپریشنز میں رکن ممالک مقامی اور بین الاقوامی ماہرین کے ساتھ شرکت کریں گے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹریٹ کے سینئر حکام ، انڈر سیکرٹری جنرل فار پیس آپریشنز، انڈر سیکرٹری جنرل برائے آپریشنل سپورٹ، اور یو این پولیس ایڈوائزر بھی شرکت کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ دو روزہ اجلاس کے دوران مختلف ذیلی موضوعات پر پینل مباحثے منعقد کیے جائیں گے۔پاکستان پالیسی اور آپریشنل دونوں سطح پر اقوام متحدہ کی امن فوج کے میدان میں ایک اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان 1960 سے لے کر اب تک دنیا کے تقریباً تمام براعظموں میں اقوام متحدہ کے 46 امن مشنوں میں 2 لاکھ 30 ہزار سے زیادہ مرد اور خواتین امن دستوں کا حصہ ڈال چکا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے 172 امن فوجیوں نے فرض کی ادائیگی میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے لازوال قربانیاں دیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان کی جانب سے تیاری کے اجلاس کی میزبانی اقوام متحدہ کے امن مشن کے لیے اس کی مسلسل وابستگی کی نشاندہی کرتی ہے،2023 کا وزارتی اجلاس دسمبر میں گھانا میں منعقد کیا جائے گا۔

















