امریکا کے شہر نیویارک سٹی میں جمعے کے روز اور رمضان المبارک میں اذان لاؤڈ اسپیکر پر دینے کی اجازت مل گئی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بہت عرصے سے یہ باتیں چل رہی تھیں کہ ایک کمیونٹی کو لاؤڈ اسپیکر پر آزان دینے کی اجازت نہیں مل رہی۔
نیویارک سٹی میئر کا کہنا تھا کہ اب ہم باقاعدہ تمام مساجد کو جمعہ کے دن اور رمضان المبارک میں لاؤڈ اسپیکر پر آزان دینے کی اجازت دے رہے ہیں اور اس کے لیے انہیں ہر بار اجازت طلب کرنے کی ضرورت بھی نہیں پڑے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ نماز دین کے پانچ ستونوں میں سے ایک ہے جو دن میں پانچ بار قریبی مسجد میں ادا کرنے کا حکم ہے۔ اذان سن کر ہی نماز کے وقت کا پتا چلتا ہے، ان باتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے میں نے فیصلہ کیا ہے کہ مساجد سے نہ صرف جمعے کی بلکہ ماہِ رمضان میں روزانہ مغرب کی اذان لاؤڈ اسپیکر پر دی جائے گی۔
نیویارک سٹی میئر نے کہا کہ اذان کے لیے استعمال ہونے والے لاؤڈ اسپیکر کی جانچ پڑتال اور ساؤنڈ کو مناسب لیول پر رکھنے کے لیے پولیس، مسجد انتظامیہ کے ساتھ مل کر گائیڈ لائنز پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں گے۔
دوسری جانب مسلم کمیونیٹی کے نمائندوں نے نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز کا شکریہ ادا کیا۔
