Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بمراہ کی ایشیاکپ چھوڑ کر وطن واپس آنے کی وجہ سامنے آگئی

بھارتی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر جسپریت بمراہ کی جانب سے اچانک ایشیا کپ ادھورا چھوڑ کر وطن واپس آنے کی وجہ سامنے آگئی۔ 

گزشتہ روز بھارتی کرکٹ ٹیم کے اہم رکن فاسٹ بولر جسپریت بمراہ  اچانک سری لنکا میں موجود بھارتی اسکواڈ کو چھوڑ کر وطن روانہ ہوگئے تھے اور اس دوران ان کی یہ اچانک سے ٹیم کو چھوڑنے کی وجہ نہیں بتائی گئی تھی۔

تاہم آج فاسٹ بولر نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مداحوں کو اپنے پہلے بیٹے کی پیدائش کی خوشخبری سنائی۔

ٹوئٹ میں بمراہ نے  اپنے اور اہلیہ سنجنا کے ہاتھ کے ہمراہ نومولود کے ہاتھ کی تصویر شیئر کی اور ساتھ ہی بتایا کہ آج صبح بیٹے کی پیدائش ہوئی جس کا نام ‘انگد جسپریت بمراہ’ رکھا گیا ہے۔

خیال رہے کہ بھارت کے فاسٹ بولر جسپریت بمراہ اور سنجنا گنیسن کی شادی مارچ 2021 میں ہوئی تھی۔

واضح رہے کہ ایشیا کپ میں آج پیر کو نیپال اور بھارت کی ٹیمیں انٹرنیشنل کرکٹ میں پہلی بار آمنے سامنے ہوں گی، جس میں بمراہ شامل نہیں ہوں گے۔

جسپریت بمراہ سپر 4 مرحلے سے قبل ٹیم میں شامل ہوں گے، ہندوستانی ٹیم سری لنکا میں کچھ دن کے وقفے کے بعد اپنا سپر 4 مرحلے کا میچ کھیلے گی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بمراہ نے بی سی سی آئی کو مطلع کیا ہے کہ وہ جلد از جلد واپس سری لنکا آجائیں گے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version