میدانجنگ میں جرات و بہادری کی تاریخ رقم کرنے والے جنگ ستمبر کے ہیرو میجر عزیز بھٹی شہید نشانے حیدر کا 58ویں یوم شہادت آج منایا جائے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق افواج پاکستان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے میجر راجہ عزیز بھٹی شہید، نشان حیدر کے 58ویں یوم شہادت کے موقع پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق میجر راجہ عزیز بھٹی شہید جنگِ ستمبر1965 کا وہ درخشاں ستارہ ہیں جو دورانِ جنگ دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بنے رہے اور دفاعِ وطن کی خاطر جان قربان کر دی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آپ کی شاندار قائدانہ صلاحیت اور بے مثال بہادری مادر وطن کے دفاع کو ہر قیمت یقینی بنانے میں ہمارے لیئے مشعل راہ ہے۔
آئی ایس پی آر کا یہ بھی کہنا ہے کہ لہو سے سرزمین وطن کی آبیاری کرتے ہوئے، ازلی دشمن بھارت کی فوج پراپنی شجاعت و بہادری کی دھاک بٹھاتے اور اُس کے مزموم عزائم کو ناکام بنا کر میجر راجہ عزیز بھٹی شہید نے یہ ثابت کر دیا کہ بہادر سپاہی مشکلات میں گھبرایا نہیں کرتااور ملک کے دفا ع کی خاطر کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرتا۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ بِلا شُبہ میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کا یوم شہادت افواج پاکستان کی مادر وطن کیلئے دی جانے والی قربانیوں کا مظہر ہے، پاکستان کے یہ درخشندہ ستارے جنہوں نے ملک کی آبرو کیلئے اپنی جان نچھاور کی بِلاشُبہ عزت و تکریم کے مستحق ہیں۔
میجر راجہ عزیز بھٹی شہید
1965ء کی پاک بھارت جنگ میں اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کے دانت کھٹے کرنے والے میجر عزیز بھٹی شہید 16 اگست 1928ء کو ہانگ کانگ میں پیدا ہوئے، قیام پاکستان سے قبل ان کا خاندان واپس آکر گجرات کے گاؤں لادیاں میں رہائش پذیر ہوا، میجر عزیز بھٹی نے بطورِ سیکنڈ لیفٹننٹ 17 پنجاب رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا۔
ستمبر 1965ء میں جب بھارت نے ارضِ پاک پر شب خون مارا تو میجر عزیز بھٹی شہید کو برکی سیکٹر پر دشمن کی پیش قدمی روکنے کا حکم ملا، بطورِ کمپنی کمانڈر میجر عزیز بھٹی نے خود کو فاروڈ ٹروپس کے ساتھ رکھا، 6 ستمبر سے 12 ستمبر تک میجز عزیز بھٹی کی کمپنی نے دشمن پر تابڑ توڑ حملے کئے۔
عزیز بھٹی نے اپنی کمپنی سمیت 6 دن اور راتیں لگا تار دشمن کو نہ صرف روکے رکھا بلکہ بد ترین شکست سے بھی دوچار کیا، لاہور کا یہ محافظ دشمن کی راہ میں سیسہ پلائی دیوار بن گیا اور دشمن کو ایک قدم آگے نہ بڑھنے دیا۔
12 ستمبر کو دشمن کے ایک ٹینک کا گولہ میجر عزیز بھٹی شہید کے بائیں شانے پر لگا اور وہ جامِ شہادت نوش کرگئے، بے مثال شجاعت کے اعتراف میں میجر عزیز بھٹی شہید کو سب سے بڑے فوجی اعزاز نشانِ حیدر سے نوازا گیا۔ قوم ارضِ پاک کے اس عظیم سپوت کو سلام پیش کرتی ہے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں
