مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) آسٹریلیا کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو بہت اہمیت دیتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف سے پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنز کی ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان مثبت، تعمیری اور قریبی دوستانہ تعلقات خوش آئند ہیں، قدرتی آفات اور ہر مشکل میں آسٹریلیا کی حکومت اور عوام نے پاکستان کا مخلصانہ ساتھ دیا جس پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ آسٹریلیا میں مقیم پاکستانی دونوں ممالک کی دوستی کو مزید مظبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان طویل المدتی تعلقات مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) آسٹریلیا کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو بہت اہمیت دیتی ہے، ماضی کی طرح مستقبل میں بھی دونوں ممالک کے تعلقات میں وسعت لائیں گے جبکہ تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ دیں گے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے آسٹریلیا میں زیر تعلیم پاکستانی طالب علموں کو سہولیات کی فراہمی پر آسٹریلوی حکومت کا شکریہ ادا بھی کیا۔
ملاقات میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نے ملاقات کے لئے وقت دینے پر مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا اور پارٹی قیادت اور ان کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
