امریکی فوج نے اپنے ایک اسٹیلتھ ایف 35 جنگی لڑاکا طیارے کو تلاش کرنے کے لیے عوام سے مدد مانگی ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے کی خبر کے مطابق امریکہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ جنگی طیارہ ڈھونڈنے میں فوجی اور سویلین حکام کی مدد کریں، یہ طیارہ جنوبی کیرولائنا میں پرواز کے دوران لاپتہ ہو گیا تھا۔
خبر کے مطابق جنگی طیارہ گزشتہ روز لاپتہ ہوا تھا، طیارے کے پائلٹ نے خود کو بحفاظت نکال لیا تھا، جسے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق لاک ہیڈ مارٹن کی جانب سے تیار کیے گئے اس طیارے کی قیمت 8 کروڑ ڈالر بتائی جاتی ہے، اور یہ جنگی طیارہ امریکی فضائی افواج کا اہم ترین حصہ ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ وہ چارلسٹن شہر کے شمال میں واقع دو جھیلوں کے گرد ایف 35 بی لائٹننگ ٹو طیارے کی تلاش پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔
طیارے کے آخری معلوم مقام کی بنیاد پر وفاقی ایوی ایشن ریگولیٹرز کے ساتھ مل کر جھیل مولٹری اور جھیل ماریون کی تلاشی لی جا رہی ہے۔
یہ طیارہ سٹیلتھ جیٹ ہے جس کا مطلب ہے کہ اس کے سینسر اور آپریٹنگ سسٹم کو بغیر شناخت کے کام کرنے کے لئے ڈیزائن کیا گیا ہے، اور دشمن کے ریڈار بھی اس کا سراغ نہیں لگا سکتے اسی وجہ سے اس طیارے کی تلاش میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
جوائنٹ بیس چارلسٹن نے مدد کے لیے اپنی اپیل ایکس پر پوسٹ کی، بیان میں کہا گیا ہے کہ ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں اب بھی ایف 35 کا سراغ لگانے کی کوشش کر رہی ہیں۔
جوائنٹ بیس چارلسٹن نے کہا کہ عوام سے کہا جاتا ہے کہ وہ فوجی اور سویلین حکام کے ساتھ اس طیارے کی تلاش میں تعاون کریں۔
فوج کی ترجمان میجر میلانیا سالیناس نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ حادثے کا شکار طیارے کے ساتھ ایک دوسرا ایف 35 طیارہ بحفاظت چارلسٹن میں واقع فوجی اڈے پر پہنچ گیا ہے۔
یاد رہے کہ 2018 میں امریکی فوج نے جنوبی کیرولائنا میں ایک حادثے کے بعد اپنے ایف 35 لڑاکا طیاروں کے پورے بیڑے کو عارضی طور پر گراؤنڈ کر دیا تھا۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں




















