مغربی کنارے میں پناہ گزین کیمپ پر چھاپہ مار کارروائی کی آڑ میں قابض اسرائیلی فوج نے 4 فلسطینی نوجوانوں کو شہید کردیا۔
خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ میں دو مختلف واقعات میں روایتی جارحیت پسندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 فلسطینی نوجوانوں کو شہید اور 3 کو زخمی کردیا۔
پہلے واقعے میں اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے کے علاقے جینن کی پناہ گزینوں کیمپ پر آزادیٔ فلسطین کی علمبردار تنظیم الفتح کی الاقصیٰ شہداء بریگیڈ کے کمانڈر محمد ابو الباحہ کے گھر پر چھاپا مارا۔
اس دوران اسرائیلی فوج نے ایک گھر پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2 فلسطینی نوجوان شہید ہوگئے جب کہ 2 کو گرفتار کرلیا گیا۔ اسرائیلی فوج نے کارروائی کے دوران ڈرون کا استعمال بھی کیا۔
اسی طرح غزہ میں اسرائیلی فوج کی سیکیورٹی چیک پوسٹ پر دو نوجوانوں کو گولیاں مار کر شہید کیا گیا جب کہ ان شہادتوں پر احتجاج کرنے والوں پر آنسو گیس کی شیلنگ کی جس میں 3 مظاہرین زخمی ہوگئے۔




















