بھارت میں زیادتی کا شکار ہونے والی 12 سالہ لڑکی نیم برہنہ حالت میں سڑک پر گھومتے ہوئے لوگوں سے مدد کی بھیک مانگتی رہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست مدھیہ پردیش کے شہر اجین میں 12 سالہ لڑکی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد ایک پناہ گاہ کے باہر پھینک دیا گیا جس کے بعد وہ معصوم لڑکی سڑک پر گھومتی رہی اور لوگوں سے مدد کی بھیک مانگتی رہی لیکن کوئی بھی معصوم بچی کی مدد کے لیے آگے نہیں آیا۔
سوشل میڈیا پر موجود ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک معصوم لڑکی نیم برہنہ حالت میں ایک کپڑے سے مشکل سے اپنے جسم کو چھپایا ہوا ہے اور ایک علاقے میں لوگوں کے گھر گھر جاکر مدد کی اپیل کرتی ہے، اس دوران ایک شخص دروازے پر ہی موجود ہوتا ہے لیکن وہ اس بچی کی مدد کرنے سے انکار کردیتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق جنسی زیادتی کا شکار بننے والی 12 سالہ لڑکی کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا اور تب تک وہ خون میں لت پت ہوچکی تھی اور اب اسے طبی امداد دی جارہی ہے۔
بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ بچی کے بارے میں کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا کیوں کہ وہ اس وقت بات کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہے تاہم میڈیکل رپورٹ میں بچی سے زیادتی کی تصدیق ہوگئی ہے جس کی رپورٹ درج کرکے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنا شروع کردیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ بھارت میں مودی سرکار کی سرپرستی میں جنسی زیادتی کے کثیر تعداد میں واقعات سامنے آنے پر عالمی سطح پر بھی ہندوستان کو ریپستان کہا جاتا ہے جب کہ مودی کے بھارت میں ہر 16ویں منٹ میں ایک خاتون کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا جاتا ہے اور ہر 30 گھنٹے میں اجتماعی زیادتی کا ایک واقعہ رونما ہوتا ہے۔




















