Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بھارت میں معذور مسلمان مندر سے پرساد کھانے کے الزام میں قتل

بھارت میں مشتعل ہجوم نے ایک معذور مسلمان نوجوان کو مندر سے پرساد کھانے کے الزام میں تشدد کا نشانہ بناکر قتل کردیا۔ 

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کے شہر نئی دلی کے علاقے سندر نگری میں ہندو انتہا پسندوں کے مجمعے نے ایک مسلمان نوجوان پر مندر سے پرساد چوری کرنے کا الزام لگایا۔

رپورٹ کے مطابق مشتعل ہندو انتہا پسندوں نے  26 سالہ معذور مسلمان اسرار پر الزام لگایا کہ انہوں نے مندر سے پرساد چوری کیا جس پر وہاں موجود افراد نے معذور نوجوان کو پہلے کھمبے سے باندھا اور پھر بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔

بھارتی پولیس کا دعویٰ ہے کہ اسرار نامی نوجوان پر مندر سے 20 روپے چوری کرنے کا الزام بھی عائد کیا گیا ہے جس پر مشتعل ہجوم کو غصہ آیا اور اسے تشدد کا نشانا بنانا شروع کیا، یہاں تک کہ وہ اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کس طرح ہندو انتہا پسند ایک معذور مسلمان نوجوان کو کھمبے سے باندھ کر تشدد کا نشانا بنارہے ہیں۔

دوسری جانب مسلمان نوجوان کے والد نے پولیس کو بتایا کہ بیٹے کو ان کے پڑوسی گھر لے کر آئے اور واقعے کے بارے میں بتایا، اسرار کے جسم پر شدید زخم تھے اور ہمیں اسے اسپتال لے جانے کا موقع بھی نہیں ملا، وہ اسپتال لے جانے سے پہلے ہی تشدد کے باعث جاں بحق ہوچکا تھا۔

پولیس کے مطابق ہم نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں اور اسرار نامی مسلمان نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنانے والے ہجوم میں شامل افراد کی شناخت کی جارہی ہے اور بہت جلد تمام ملزمان کو گرفتار کیا جائے گا اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

متعلقہ خبریں