ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہےکہ پاکستان دہشتگردی کی لعنت کے خلاف جنگ میں ترکیہ کے ساتھ کھڑا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان ترکیہ میں دہشت گرد حملے کی مذمت کرتا ہے جبکہ پاکستان آج کے اوائل میں برادر ترکیہ کی وزارت داخلہ کو نشانہ بنانے والے دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتا ہے۔
ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ ہم اس گھناؤنے حملے میں زخمی ہونے والوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں، پاکستان دہشت گردی کی لعنت کے خلاف جنگ میں ترکیہ کے ساتھ کھڑا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے مزید کہا کہ یقین ہے کہ اپنے خاص عزم سے ترک قوم اس خطرے کو شکست دے گی اور مزید مضبوط ہو کر ابھرے گی۔
ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں دھماکا
ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں وزارت داخلہ کے دفتر کے باہر دھماکا ہوا اور فائرنگ کی آوازیں سنائی دیں۔ دھماکے کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں جنہیں اسپتال منتقل کر کے طبی امداد دی جارہی ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا کہ دھماکے کے فوراً بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہے جبکہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق 2 دہشتگردوں نے وزارت داخلہ کی عمارت کے باہر دھماکا کیا، دونوں دہشت گرد گاڑی میں آئے تھے۔
ترکیہ حکام کا کہنا ہے کہ ایک دہشتگرد نے خود کو عمارت کے گیٹ پر دھماکے سے اڑایا جبکہ دوسرے دہشتگرد کو ہلاک کردیا گیا ہے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں۔
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں۔
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔
