حماس کی جانب سے اسرائیل کے خلاف شروع کیے گئے طوفان الاقصیٰ آپریشن میں فوجی افسران سمیت 800 سے زائد اسرائیلی ہلاک ہوگئے ہیں جب کہ ایک اسرائیلی اخبار نے تو دعویٰ کیا ہے کہ یہ ہلاکتیں ایک ہزار سے بھی تجاوز کر گئی ہیں۔
حماس کے حملے سے اسرائیل بوکھلاہٹ کا شکار ہوگیا تاہم سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ’’طوفان الاقصیٰ‘‘ کا ٹرینڈ مسلسل زیر گردش ہے، طوفان الاقصی ٹرینڈ ایکس پر 1.39 ملین پوسٹس کے ساتھ پاکستان میں سر فہرست ہے اور صارفین کی جانب سے فلسطین کی مکمل حمایت کی جارہی ہے۔
تاہم سوشل میڈیا پر صیہونی میڈیا کی جانب سے حماس کی بچوں کا قتل عام کرنے کی جعلی ویڈیوز شیئر کی جارہی ہیں تاہم پاکستان میں اس ٹرینڈ میں صارفین فلسطین، حماس اور آپریشن طوفان الاقصی کی بھرپور حمایت کر رہے ہیں اور ساتھ ہی غزہ پر پر اسرائیلی وحشیانہ بمباری، مظالم اور بچوں کی قتل عام کی بھرپور مذمت کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں؛ اسرائیل کا غزہ کے لیے بجلی، کھانا اور ایندھن کی سپلائی روکنے کا حکم
خیال رہے کہ اسرائیل کے وزیر دفاع یوو گیلنٹ نے غزہ کی مکمل ناکہ بندی کا حکم دیتے ہوئے غزہ کو بجلی فراہم کرنے والی کمپنی کو فوری طور پر بجلی کاٹنے کے احکامات جاری کردیے ہیں اور اس کے علاوہ غزہ کے لیے کھانے پینے کی اشیاء اور ایندھن کی سپلائی روکنے کے احکامات بھی جاری کیے ہیں، جس کی تصدیق خود وزیر دفاع نے ایک بیان میں کی۔
فلسطیوں پر ہونے والے مظالم پر عالمی دنیا ہمیشہ کی طرح خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے تاہم سوشل میڈیا صارفین دنیا بھر میں فلسطینیوں کے حق میں ہونے والے مظاہروں کی ویڈیوز اور معلومات بھی شئیر کر رہے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے مختلف مقامات پر مظاہرے بھی کیے گئے جہاں مظاہرین نے اسرائیل کے خلاف نعرے بازی کی اور فلسطین کو آزاد کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ فلسطین پر اسرائیلی جارحیت پر عالمی قوتیں اپنی خاموشی توڑیں، ہم فلسطین کی آزادی چاہتے ہیں، عالمی قوتیں اسرائیلی جارحیت ختم کرنے اور فلسطین کو آزاد کرنے کیلیے اپنا کردار ادا کریں۔




















