Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کشمیریوں اور فلسطینیو ں کا درد ایک ہی ہے، وزیر اعظم آزادکشمیر

وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا ہے کہ کشمیریوں اور فلسطینیو ں کا درد ایک ہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کی شہداء زلزلہ کے حوالہ سے مظفرآباد میں منعقدہ مرکزی تقرب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زندہ قومیں ان دردناک یادوں کو اپنے اخلاقی رویوں کی اصلاح کے لیے استعمال کرتی ہیں، یہ سانحہ اتنا بڑا تھا کہ اس کے اثرات طویل عرصہ تک محسوس کیے جائیں گے۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ آج بھی 1200سے زائد ادارہ جات،ہیلتھ سنٹرز  اور دیگر عمارات میسر نہیں ہیں، انفراسٹرکچر کی تکمیل کے لیے 52ارب روپے کی خطیر رقم کی ضرورت ہے۔

چوہدری انوار الحق نے یہ بھی کہا کہ پوری دنیا ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے تغیر و تبدل کا شکا ر ہے، آج کے تکلیف دہ فیصلے آنے والی نسلوں کے بہترین مستقبل کی بنیاد ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکہ، یورپ بالخصوص اسلامی ممالک، ملکی و بین الاقوامی این جی اوز اور پاکستانی قوم کا تعمیر نو میں کردار لائق تحسین ہے۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاک فوج کو بحالی، تعمیر نو میں مدد پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں، پاک فوج کے مثالی کردار کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے فلسطین پر حملہ  کی پر زور الفاظ میں مذمت کرتا ہوں، کشمیریوں اور فلسطینیو ں کا درد ایک ہی ہے۔

 چوہدری انوار الحق نے یہ بھی کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیاں تمام دنیا کے لیے ایک چیلنج بن چکی ہیں، پاکستان و آزادکشمیر ماحولیاتی تغیر و تبدل سے متاثر ہونے والے خطوں میں شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر جنگلات کی بے دریغ کٹائی جاری رہی تو پھر آفات سماوی کو نہیں روکا جاسکتا، قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے اداروں کا قیام اور انفراسٹرکچر فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کا مزید کہنا تھا کہ آنے والی نسلوں کے روشن مستقبل کے لیے ہمیں اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی ہیں، ہمارے آباؤ اجداد نے جو درخت لگائے آج ہم اس کی چھاؤں میں بیٹھے ہوئے ہیں جبکہ ہم ایک نئے عزم اور جذبہ کے ساتھ بہتر مستقبل کی تعمیر کے لیے کوشاں ہیں۔

متعلقہ خبریں