نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ انتخابات کے انعقاد میں تاخیر کے کوئی ممکنات نظر نہیں آرہے۔
تفصیلات کے مطابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ قانون پر عملدرآمد اور قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانا ہوگا، ہم نے کرنسی کی ایسی غیر قانونی مارکیٹ میں ہاتھ ڈالا جس کی قانون میں گنجائش نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمان ہی وزارت عظمیٰ کا انتخاب کرتی ہے، جمہوری طریقہ سے حکومت کی تبدیلی پارلیمان کا حق ہے۔
انوار الحق نے کہا کہ شفافیت اور احتساب کا عمل جس جمہوریت میں نہیں ہوگا وہ کامیاب نہیں ہوسکتی، پارلیمان کے اندر بیٹھنے والے لوگ عوام کا مینڈیٹ لے کر آتے ہیں لہذا ان کی ذمہ داریاں زیادہ ہیں۔
انوار الحق نے یہ بھی کہا کہ جب تک سیاسی جماعتیں اپنی شناخت اور ڈھانچے میں جمہوری نہیں ہوں گی تو ملک میں جمہوریت مستحکم نہیں ہوسکتی، سیاسی جماعتوں میں جمہوری رویے نظر آئیں گے تو اس کا اثر معاشرے پر ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں کو اپنے اندر بھی جمہوریت لانا ہوگی، ہر سیاسی جماعت کو انتخابات میں حصہ لینے کا حق حاصل ہے، نواز شریف سمیت کوئی بھی سیاسی لیڈر اگر ہمارے فرائض منصبی کے حوالے سے ملاقات کی خواہش کرے گا تو اس سے ضرور ملاقات کریں گے۔
انوار الحق کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہمیں گورننس، اقتصادی پالیسیوں اور سیاسی سوچ میں ماضی میں پائی جانے والی کمی کوتاہیوں پر غور کرنا ہوگا۔نگراں حکومت کا کام شفاف انتخابات کیلئے معاونت فراہم کرنا ہے،آزادانہ اور شفاف انتخابات یقینی بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ انتخابات کے انعقاد میں تاخیر کے کوئی ممکنات نظر نہیں آرہے، اس میں کوئی ابہام نہیں، انتخابات کا اپنے وقت پر اعلان اور انعقاد ہوگا، انتخابات کے صاف شفاف انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے الیکشن کمیشن کی بھرپور معاونت کریں گے۔
نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے مزید کہا کہ فیصلہ سازی میں حتمی فیصلے نگراں حکومت کرتی ہے، ڈالر کی قدر میں کمی اور اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات کا پورا پاکستان گواہ ہے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں

















