Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

مسئلہ کشمیر کے حل تک خطے میں قیام امن نہیں ہو سکتا، انوار الحق

انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل تک خطے میں قیام امن نہیں ہو سکتا۔

تفصیلات کے مطابق سیکرٹری جنرل او آئی سی کے نمائندہ خصوصی برائے جموں وکشمیر کی نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے ملاقات ہوئی جس میں نگران وزیراعظم نے او آئی سی وفد کے دورہ پاکستان اور آزاد کشمیر کا خیر مقدم کیا۔

اس موقع پر نگران وزیراعظم انوار الحق نے کہا کہ کشمیر کاز کے حق میں او آئی سی کی کاوشیں قابل ستائش ہیں، پاکستان اور کشمیر کے عوام کو او آئی سی سے بہت امیدیں ہیں۔

انوار الحق نےیہ بھی کہا کہ خطے میں تناؤ کی بنیادی وجہ کشمیر کا تنازعہ ہے، مسئلہ کشمیر کے حل تک خطے میں قیام امن نہیں ہو سکتا۔

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے عالمی سطح پر اسلام وفوبیا میں اضافے خصوصاً ہندوتوا پر تشویش کا اظہار بھی کیا۔

دوسری جانب نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ سے کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز کے وفد کی صدر ارشاد عارف کی قیادت میں ملاقات ہوئی جس میں وفد نے نگران وزیر اعظم کو پاکستانی اخبارات کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔

ملاقات میں نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے وزارت اطلاعات و نشریات اور وزارت خزانہ کو ہدایت کی کہ اخبارات کو درپیش تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔

انوار الحق نے کہا کہ ریاست کے خلاف منفی پراپیگینڈے کی منظم مہم چلائی جاتی ہے، معاشرے میں مثبت بحث و مباحثے اور تنوع و اختلافِ رائے پر مبنی گفتگو سننے کے ماحول کو فروغ دینا ہوگا جس میں اخبارات کا کلیدی کردار ہے۔

نگران وزیر اعظم نے یہ بھی کہا کہ میرے امریکہ دورے کے بارے میں جھوٹی خبروں اور بے جا تنقید کی ایک منظم مہم چلائی گئی، امریکہ میں موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے پاکستان کے کیس کو مؤثر انداز میں پیش کیا، اللہ رب العزت نے موقع دیا کہ موسمیاتی تبدیلی کے ثقافتی پہلو کو قرآن کا حوالہ دے کر دنیا کے سامنے پیش کروں۔

 ان کا کہنا تھا کہ ایم ڈی عالمی مالیاتی ادارے نے اسمگلنگ اور ڈالر کی غیر قانونی خرید و فروخت کو روکنے کے حکومتی اقدامات کو سراہا، قلیل مدت میں اسمگلنگ اور ڈالر پر سٹے بازی کو روکنے کیلئے سخت اقدامات کئے، روپے کی ڈالر کے مقابلے میں بڑھتی ہوئی قدر اس مہم کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

انوار الحق کاکڑ کا یہ بھی کہنا تھا کہ پیٹرلیم مصنوعات کی اسمگلنگ سے ملکی معیشت کو شدید نقصان پہنچتا رہا، بجلی چوری کو روکنے کیلئے ملک بھر میں اقدامات کئے جار ہے ہیں، آئندہ دورہ چین میں پاک چین اسٹریٹجک تعلقات، دوطرفہ تجارت، سی پیک اور سیاحت کے فروغ پر بات ہوگی.

نگران وزیر اعظم نے کہا کہ خسارے کا شکار سرکاری اداروں (SOEs) کی نجکاری کا عمل تیز اور شفاف بنا رہے ہیں جس سے ملکی خزانے کو ہونے والا نقصان کم ہوگا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ افغانی ہمارے بھائی ہیں، قانونی طور پر مقیم افغان پناہ گزینوں کو کوئی واپس نہیں بھیج رہا، صرف غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو ملک بدر کیا جا رہا ہے، 31 اکتوبر کے بعد انکے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔

نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے مزید کہا کہ فلسطین میں اسرائیل کی حالیہ جارحیت، ظالم اسرائیل اور مظلوم فلسطینیوں کی جنگ ہے، پاکستان مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ انکے حق خود ارادیت اور آزاد فلسطینی ریاست کے حصول تک شانہ بشانہ کھڑا ہے۔

 

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں

Exit mobile version