Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اسمگلنگ اور کرپشن کو بالکل برداشت نہیں کیا جائے گا ، نگران وزیراعظم

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نےکہا ہے کہ اسمگلنگ اور کرپشن کو بالکل برداشت نہیں کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت خیبر پختونخوا سے متعلق امور پر اہم اجلاس گورنر ہاؤس پشاور میں منعقد ہوا جس میں نگران وزیراعظم کو خیبر پختونخواہ کی امن و امان کی تازہ صورت حال اور صوبے کو درپیش مالی مسائل کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کے بروقت اقدامات کی وجہ سے امریکی ڈالر کی قیمت میں کمی آئی ہے، اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کی روک تھام میں فوج کی جانب سے فراہم کی گئی مدد لائق تحسین ہے۔

وزیراعظم نے زور دے کر کہا کہ اسمگلنگ اور کرپشن کو بالکل برداشت نہیں کیا جائے گا، پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو واپس بھیج جا رہا ہے تاہم یہ خیال رکھا جائے کہ قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو اس حوالے سے کوئی دشواری نہ ہو۔

وزیراعظم نے ہدایت کی  کہ امن و امان اور سیکورٹی کی صورت حال کو بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں، خیبر پختونخواہ پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کومضبوط کرنے کے لیے بھرپور اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔

دہشت گردی کے واقعات سے نمٹنے کے لیے خیبر پختونخواہ پولیس اور انتظامیہ کی کوششیں تعریف کے قابل ہیں، ہم کبھی اجازت نہیں دینگے کہ کوئی تنظیم یا جتھہ ہتھیار اٹھا کر ریاست کی رٹ کو  چیلنج  کرے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پولیس کو جدید آلات سے لیس کیا جائے تا کہ دہشت گردی کے عفریت سے بہتر انداز میں نمٹا جا سکے، وفاقی حکومت خیبر پختونخواہ حکومت کو ہر ممکن سہولیات اور وسائل فراہم کرے گی۔

دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج اور پولیس نے لازوال قربانیاں دی ہیں، پوری قوم سیکورٹی فورسز اور پولیس کے ساتھ کھڑی ہے۔وفاقی اور صوبائی حکومتیں نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کے لیے کوشاں ہیں۔

وزیراعظم نے خیبر پختونخواہ کو درپیش مالی اور دیگر مسائل حل کرانے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ صوبے کے مالی مسائل اور نو ضم شدہ اضلاع کے مسائل کے حوالے سے حکمت عملی تیار کی جائے گی۔

اجلاس میں گورنر کے پی کے حاجی غلام علی، نگران وزیر اعلیٰ اعظم خان، نگران صوبائی وزراء، چیف سیکرٹری اور متعلقہ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

 

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں

Exit mobile version