Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

امریکہ نے چین کو جدید چپس کی برآمدات پر پابندی عائد کر دی

امریکہ نے چین کو جدید ٹیکنالوجی حاصل کرنے سے روکنے کے لیے جدید چپس کی برآمدات روکنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے کی خبر کے مطابق بائیڈن انتظامیہ نے چین کو جدید چپس کی برآمدات پر نئی پابندیاں عائد کر دی ہیں جس پر بیجنگ نے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ پابندیاں مارکیٹ کی معیشت اور منصفانہ مسابقت کے اصولوں کی خلاف ورزی ہیں۔

امریکہ کے ان اقدامات میں چپ بنانے والے ٹولز کے ساتھ ساتھ جدید چپس کو بھی ہدف بنایا گیا ہے، جس میں مارکیٹ لیڈر این ویڈیا بھی شامل ہے۔

امریکہ کے اس اقدام کو ان خامیوں کو بند کرنے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے جو پچھلے اکتوبر میں چپ کنٹرول کی ابتدائی لہر کے بعد واضح ہو گئیں۔

امریکہ کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات چین کو جدید ٹیکنالوجی حاصل کرنے سے روکنے کے لیے کیے گئے ہیں جو وہ اپنی فوج کو مضبوط بنانے کے لیے استعمال کر سکتا ہے اور چین اس ٹیکنالوجی کو مصنوعی ذہانت کے شعبے میں استعمال کر سکتا ہے۔

بائیڈن انتظامیہ نے اس بات کی تردید کی ہے کہ وہ چین کو معاشی طور پر نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہی ہے لیکن بیجنگ کی وزارت خارجہ نے اس اقدام کو سیاسی مقاصد کے لیے جبری طور پر جوڑ توڑنے کا نام دیا ہے۔

چینی سٹاک مارکیٹس جن میں چپس سے متعلق کمپنیاں شامل ہیں، نے اس اعلان کے بعد سے معمولی گراوٹ دیکھی گئی ہے۔ آج سی ایس آئی سیمی کنڈکٹر انڈیکس میں 1.4 فیصد کمی ہوئی جبکہ اسٹار چپ انڈیکس میں 1.2 فیصد کمی واقع ہوئی۔

چین کی مصنوعی ذہانت کی کمپنیوں پر نظر رکھنے والا انڈیکس بھی 1.8 فیصد کمی کے ساتھ بند ہوا۔

امریکی چپ کے حصص میں بھی گراوٹ دیکھی گئی ہے کیونکہ پابندیوں نے امریکی فرموں ایڈوانسڈ مائیکرو ڈیوائسز اور انٹیل کو بھی متاثر کیا ہے۔

معروف کمپنی این ویڈیا نے ایک فائلنگ میں کہا ہے کہ نئی برآمدی پابندیاں چینی مارکیٹ کے لئے تیار کردہ دو اعلی درجے کی مصنوعی ذہانت چپس – اے 800 اور ایچ 800 کی فروخت کو روک دیں گی، کمپنی کا مزید کہنا ہے کہ اس کی ایک گیمنگ چپس کو بھی بلاک کردیا جائے گا۔

اگرچہ یہ پابندیاں دیگر چپ بنانے والی کمپنیوں کو بھی متاثر کرتی ہیں لیکن تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ این ویڈیا سب سے زیادہ متاثر ہوگا کیونکہ ڈیٹا سینٹر چپ کی فروخت سے ہونے والی آمدنی میں چین کا حصہ 25 فیصد ہے۔

این ویڈیا کے حصص جنہیں اسٹار اسٹاک سمجھا جاتا ہے، امریکی پابندی کے اس اعلان کے نتیجے میں 4.7 فیصد تک گر گئے۔

واضح رہے کہ دو ماہ قبل چین نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے سیمی کنڈکٹر صنعت کے لیے کلیدی کردار ادا کرنے والے دو مواد گیلیم اور جرمینیم کی برآمدات پر پابندی عائد کر دی تھی۔

گیلیئم اور جرمینیم کی عالمی سپلائی میں چین اب تک کا سب سے بڑا کھلاڑی ہے اور دنیا کے 80 فیصد گیلیئم اور 60 فیصد جرمینیم پیدا کرتا ہے۔

یاد رہے کہ امریکہ کے علاوہ جاپان اور نیدرلینڈز نے بھی چین پر چپ ٹیکنالوجی کی برآمد پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔

دنیا کی دو سب سے بڑی معیشتوں کے درمیان مسلسل کشمکش نے نام نہاد وسائل کی قوم پرستی کے عروج پر تشویش پیدا کردی ہے.

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں