ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ کے پائلٹس، ترک فضائیہ کو بنیادی اور ٹیکٹیکل تربیت کی فراہمی میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔
ترجمان پاک فضائیہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ترک فضائیہ کے کمانڈر جنرل ضیاء کمال کادیواوغلو کی قیادت میں ترک وفد کی سربراہ پاک فضائیہ سے ملاقات ہوئی جس میں بین الاقوامی تذویراتی صورتحال، مشترکہ منصوبوں میں پیشرفت اور ہوا بازی کی صنعت میں تعاون کے لیئے نئی راہیں استوار کرنے سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ملاقات میں فضائی مشق انڈس شیلڈ 2023، کے تناظر میں فضائی افواج کی آپریشنل تربیت کے حوالے سے گفتگو کی گئی جبکہ دوطرفہ تعاون، ڈرونز اور جدید عسکری آلات کی مشترکہ پیداوار میں تعاون کے فروغ کے لیئے نئی راہیں استوار کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں سربراہ پاک فضائیہ نے معزز مہمان کو پاک فضائیہ کو جدت سے ہمکنار کرنے کے لیئے جاری حکمت عملیوں اور فریم ورک سے آگاہ کیا جبکہ سربراہ پاک فضائیہ نے اتحادی ممالک سے جدید تکنیکی آلات کی انڈکشن، اہم انفراسٹرکچر کو تقویت دینے اور تربیتی شعبے کی جامع تنظیم نو سے متعلق منصوبوں کا ذکر بھی کیا۔
ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے فضائی مشق انڈس شیلڈ میں ترک فضائیہ کی شرکت کو سراہا جبکہ ائیر چیف نے دونوں فضائی افواج کے مابین تعاون، تزویراتی اتحاد اور تربیتی شعبے میں پہلے سے موجود دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ پاک فضائیہ کے پائلٹس، ترک فضائیہ کو بنیادی اور ٹیکٹیکل تربیت کی فراہمی میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ پاکستان اور ترکیہ کے مابین دیرینہ مذہبی اور تاریخی روابط استوار ہیں جو بےمثال تزویراتی شراکت داری کا مظہر ہیں۔
ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے ترک فضائیہ کی تربیت اور اسکی آپریشنل صلاحیتوں کو مزید تقویت دینے کے پاک فضائیہ کے عزم کا اظہار بھی کیا۔
ملاقات میں ترک فضائیہ کے کمانڈر نے پاک فضائیہ کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا جبکہ جنرل ضیاء کمال کادیواوغلو نے نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک میں گہری دلچسپی کا اظہار بھی کیا۔
جنرل ضیاء کمال کادیواوغلو نے نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کی بےمثال کامیابی پر سربراہ پاک فضائیہ کے غیر متزلزل عزم کی تعریف کی۔
ترک فضائیہ کے کمانڈر جنرل ضیاء کمال کادیواوغلو نےکہا کہ پاک فضائیہ کے زیرِ اہتمام مشق انڈس شیلڈ کا انعقاد دونوں ممالک کے مابین بھائی چارے کی فضا قائم کرنے میں معاون ثابت ہوگا، مشق انڈس شیلڈ پاک-ترک عسکری تعلقات کے استحکام اور حصہ لینے والی فضائی افواج کی آپریشنل تیاریوں کو فروغ دینے میں بھی معاون ثابت ہوگی۔
