نگران وزیرِ اعظم انوار الحق نے کہا ہے کہ ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف آہنی ہاتھ سے نمٹا جائے اور اسمگلنگ و بجلی چوروں کو کوئی رعایت نہ دی جائے۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کی زیرِ صدارت پیٹرلیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اثرات عام آدمی تک پہنچانے اور اشیاءِ خورونوش و ضروریہ کی قیمتوں میں کمی یقینی بنانے کے حوالے سے جائزہ اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا.
اجلاس کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی اور اسمگلنگ و بجلی چوری کے خلاف آپریشن کے نتائج کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔
اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا گیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی کی بدولت مہنگائی کی شرح میں 1.7 فیصد کمی ہوئی جو گزشتہ ایک برس میں سب سے ذیادہ کمی ہے۔
بریفنگ دیتے ہوئے کہا گیا کہ انتظامیہ کی کوششوں کی بدولت قومی سطح پر 24 اشیاءِ ضروریہ کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے جبکہ زرعی پیداوار، بجلی، کرایوں اور صنعتی پیداوار کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی یقینی بنائی جارہی ہے۔
بریفنگ دیتے ہوئے مزید کہا گیا کہ وزارت منصوبہ بندی کی جانب سے اشیاءِ خورونوش و ضروریہ کی قیمتوں کی مانیٹرنگ اور فیصلہ سازی کیلئے قومی ادارہ شماریات کی تیار کردہ Decision Support System for Inflation ایپ کا استعمال کیا جارہا ہے۔
اجلاس میں سندھ، خیبر پختونخوا اور پنجاب کے وزراءِ اعلی اور بلوچستان کے چیف سیکرٹری نے اپنے اٹھائے گئے اقدامات پر بریفنگ دی۔
بریفنگ دیتے ہوئے کہا گیا کہ چاروں صوبوں میں صوبائی انتظامیہ کے اقدامات کی بدولت سفری کرایوں میں اوسطًا 10 فی صد کمی واقع ہوئی ہے۔
بریفنگ دیتے ہوئے مزید کہا گیا کہ ذخیروہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف آپریشن کیا جارہا ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے نتیجے میں اشیاءِ خورونوش و ضروریہ کی قیمتوں میں کمی یقینی بنا رہی ہے۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے ہدایت کی کہ پیٹرول کی قیمت میں 12.38 فیصد اور ڈیزل کی قیمت میں 4.7 فیصد کمی کے فوائد عام آدمی تک جلد سے جلد پہنچائے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈالر کی قیمت میں استحکام اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی بدولت مجموعی طور پر 41 ارب روپے کی بچت ہوئی ہے جس کا ریلیف عام آدمی تک پہنچے گا۔
انوار الحق نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی، ڈالر کی قیمت میں استحکام اور سمگلنگ کی روک تھام کے اثرات عام آدمی تک پہنچانے کے لئے تمام انتظامیہ کی کوششوں کو سراہا۔
نگران وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے فوائد کو عام آدمی تک پہنچانے کیلئے اقدامات کو تیز تر کیا جائے جبکہ ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔
انوار الحق کا یہ بھی کہنا تھا کہ بجلی چوری کی روک تھام اور اسمگلنگ کے خلاف آپریشن سے عام صارف کو فائدہ ہوا جبکہ انسداد اسمگلنگ آپریشن کا براہِ راست فائدہ عوام کو ہو رہا ہے۔
نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان میں گندم کی قیمت میں 18 فیصد اور چینی کی قیمت میں اوسطاً 16 فیصد کمی خوش آئند ہے۔
اجلاس میں نگران وفاقی وزراء مرتضی سولنگی، گوہر اعجاز، کوثر عبداللہ ملک، سمیع سعید، محمد علی اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی جبکہ نگران وزراء اعلی محسن نقوی، جسٹس (ر) مقبول باقر، اعظم خان، چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور متعلقہ اعلی حکام نے بھی وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں۔
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں۔
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔
