مولانا راشد محمود سومرو نے کہا ہے کہ سندھ میں تعلیم اور میرٹ کو تباہ کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ جلسے سے جے یو آئی صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل مولانا راشد محمود سومرو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں بد امنی ہے، کچے کے ڈاکوؤں نے معصوموں کو اغوا کیا ہوا ہے اور پکے کے ڈاکوؤں نے عوام کو لوٹ لیا ہے، مجھے عوام اپنی اولاد سے بڑھ کر عزیز ہے، لاڑکانہ شہیدوں کا شہر ہے، میرے والد کے قتل پر لاڑکانہ کا پتہ بھی نہیں ہلا۔
انہوں نے کہا کہ میرے والد کے قتل کے بعد میرا کردار آپکے سامنے ہے، جب سیلاب آیا تو کوئی ایم این اے ایم پی اے میدان میں نظر نہیں آ رہا تھا لیکن ہم عوام میں تھے، سابقہ سندھ حکومت میں سندھ میں اربوں روپئے کی لوٹ مار اور کرپشن کی گئی۔
مولانا راشد محمود سومرو نے یہ بھی کہا کہ پیپلزپارٹی نے 15 سالوں میں سندھ کو کھنڈرات میں تبدیل کر دیا ہے، سندھ میں تعلیم اور میرٹ کو تباہ کر دیا گیا ہے جبکہ میں پولیس کو ایک سال میں 4 ارب 93 کروڑ سے زیادہ کا بجٹ دیا گیا ہے لیکن کیا لاڑکانہ پولیس عوام میں امن و امان قائم کرنے میں کامیاب ہوئی ہے؟ میرے دیئے گئے اعداد و شمار کے بعد نیب کی آنکھیں کھلی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ لاڑکانہ ضلع میں پرائمری، سیکنڈری اور دیگر میٹرک تک کی تعلیم پر 12 ارب روپئے سے زیادہ رقم خرچ کیے گئے ہیں ، لوکل گورنمنٹ کی بجٹ بھی 4 ارب روپئے کے قریب ہے ، ان چوروں اور لٹیروں کو شرم سے ڈوب مرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ پبلک سروس کمیش میں 50 لاکھ سے 2 کروڑ روپئے تک میں نوکریاں فروخت کی گئیں ہیں جبکہ لاڑکانہ میں شراب، جوا، آئیس، کوکین، چرس کے اڈے بنے ہوئے ہیں، زیر زمین پانی زہر آلود ہوچکا ہے، بدترین مسائل لاڑکانہ کے ہیں۔
جے یو آئی صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل مولانا راشد محمود سومرو نے مزید کہا کہ خبر دار جو اب کسی نے ہمارا ووٹ چوری کیا ہم گریبان سے پکڑیں گے ، ہم اگر امریکا کو افغانستان میں گٹنوں کے بل بیٹھا سکتے ہیں تو تمہیں بھی گٹنوں کے بل بیٹھا سکتے ہیں۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں۔
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں۔
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔
