Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نائیک سیف علی جنجوعہ شہید “تمغہ ہلالِ کشمیر” کی برسی

نائیک سیف علی جنجوعہ شہید “تمغہ ہلالِ کشمیر” کی آج 75ویں برسی منائی جائے گی، انہیں 1948 میں بہادری کی اعلیٰ مثال قائم کرنے پرآزاد جموں و کشمیر حکومت نے “ہلال کشمیر” کے اعزاز سے نوازا گیا جو نشان حیدر کے مساوی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے شہید کو خراج عقیدت پیش کیا جبکہ سروسز چیفس اور افواج پاکستان نے  بھی شہید کو خراج عقیدت پیش کیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ نائیک سیف علی جنجوعہ نے1948کی کشمیر جنگ کے دوران جام شہادت نوش کیا ، شہید نے بھارتی فوج کےلگاتارحملوں کےخلاف پیرکلیوہ پہاڑی پر بہادری سے سامنا کیا۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ شہید کی قربانی دفاعِ وطن پر مامور افرادکےلئے روشن مثال ہے، شہیدکا یومِ شہادت افواج پاکستان کی مادر وطن کیلئے قربانیوں کا مظہرہے جبکہ پوری قوم کو اپنے بہادر سپوتوں پر فخر ہے۔

یاد رہے کہ قیام پاکستان کے ایک سال بعد ہی کشمیر کے جری سپوت نے بھارتی فوج کو دھول چٹا دی،جرآت اور بہادری کا مظاہرہ کرنیوالے ہیرو نائیک سیف علی جنجوعہ شہید کا آج یوم شہادت منایا جا رہا ہے۔

آزاد جموں و کشمیر کے ضلع کوٹلی کی تحصیل نکیال کے ایک گاوں میں 23 اپریل 1922ء میں پیدا ہونے والے سیف علی جنجوعہ نے 18 سال کی عمر میں برٹش انڈین آرمی کی رائل کور میں بطور سپاہی شمولیت اختیار کی،اس دوران وہ دوسری جنگ عظیم میں چار سال بیرون ملک محاذ پر بھی تعینات رہے،،جنگ کے بعد ان کی یونٹ جالندھر اور لاہور میں تعینات ہوئی ۔

قیام پاکستان کے بعد وہ اپنے آبائی علاقے میں آگئے اور سردار فتح محمد کریلوی کی حیدری فورس میں شامل ہوگئے، جو بعدازاں آزاد کشمیر رجمنٹ کا حصہ بنی ، سیف علی جنجوعہ کی قائدانہ صلاحیت کو دیکھتے ہوئے انہیں نائیک کے عہدے پر ترقی دے د ی گئی۔

بعد ازاں انہیں پلاٹون کمانڈر بنا کر مینڈھر سیکٹر پر پیر کالیوا کے مقام پر دشمن کا حملہ روکنے کا حکم ملا، جہاں انہوں نے بھارتی فوج کے پورے بریگیڈ سے جوانمردی کے ساتھ مقابلہ کرتے ہوئے جرات اور بہادری کی لازوال داستان رقم کی۔ان کی پلاٹون نے دستیاب فائر پاور اور مختصر نفری کے ساتھ بھارتی بریگیڈ کے چار حملے پسپا کئے۔

نائیک سیف علی جنجوعہ نے بھارتی فوج کے وطن کی حرمنت کیلئے بے جگری اور جانبازی کی عظیم داستان رقم کرتے ہوئے 26اکتوبر 1948ء کو جام شہادت نوش کیا جس پر 14 مارچ 1949ء کو حکومت آزاد جموں و کشمیر نے نائیک سیف علی خان جنجوعہ کو آزاد جموں و کشمیر کا سب سے بڑا جنگی اعزاز” ہلال کشمیر “ عطا کیا، جو نشان حیدر کے مساوی ہے۔

 

 

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں۔

ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں۔

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version