Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

دین اسلام کی ترویج میں بنگلہ دیش کے کردار کی حمایت کرتے ہیں، امام مسجد نبوی

مسجد نبوی کے امام نے پیر کے روز ڈھاکہ میں ایک قومی امام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسلام کے پیغام کو پھیلانے کے لئے بنگلہ دیش کی کوششوں کی حمایت کا وعدہ کیا۔

عرب میڈیا کے مطابق امام مسجد نبوی کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم شیخ حسینہ کی قیادت میں بنگلہ دیشی حکومت اسلام کے پیغام کو پھیلانے کے لیے کام کر رہی ہے، جس میں ملک بھر میں مساجد اور اسلامی ثقافتی مراکز کی تعمیر بھی شامل ہے، جہاں اس کی 91 فیصد سے زیادہ آبادی مسلمان ہے۔

وزیر اعظم نے بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں 2023 کی قومی امام کانفرنس کے دوران پیر کو 50 نئی مساجد کا افتتاح کیا۔

تقریب میں مسجد نبوی کے امام شیخ ڈاکٹر عبداللہ بن عبدالرحمن البعیجان بھی موجود تھے جو مدینہ منورہ سے آئے ہوئے تھے۔

امام مسجد نبوی نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ بنگلہ دیش بھی اسلام کی روح اور علم کو پھیلانے کی کوششوں میں شامل ہو گیا ہے جو اس وقت سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور وزیر اعظم اور ولی عہد محمد بن سلمان کی قیادت میں جاری ہے۔

امام شیخ ڈاکٹر عبداللہ بن عبدالرحمن البعیجان کا کہنا تھا کہ مجھے امید ہے کہ وہ (حسینہ) اسلام، قرآن اور عربی زبان کے پیغام کو پھیلانے کے لیے مزید اقدامات کریں گی اور سعودی عرب اس کوشش میں مدد کرے گا۔

اس موقع پر بنگلہ دیش کی وزیر اعظم حسینہ واجد نے کہا کہ بنگلہ دیش ملک کے مختلف حصوں میں کل 564 نئی مساجد تعمیر کرے گا، انہوں نے مزید کہا کہ اب تک 300 مساجد تعمیر کی جا چکی ہیں۔

ان ماڈل مساجد میں اماموں کی تربیت، مذہبی تعلیم، اسلامی تحقیق وغیرہ کی سہولیات بھی موجود ہوں گی۔

شیخ حسینہ واجد نے سعودی عرب کے بادشاہ، جو دونوں مقدس مساجد کے نگہبان ہیں، اور ولی عہد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہوں نے ہمیشہ ہماری مدد کی اور ہمارے شانہ بشانہ کھڑے رہے۔

حسینہ واجد نے کہا کہ اسلام امن کا مذہب ہے۔ یہ دنیا کا بہترین مذہب ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ لوگ یہاں پرامن طریقے سے رہیں۔ ہم ایک ترقی یافتہ اور خوشحال قوم کی تعمیر کرنا چاہتے ہیں۔

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں