نگران وزیراعظم انوار الحق نےکہا ہے کہ دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ضلع گوادر میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
نگران وزیراعظم نے حملے میں جامِ شہادت نوش کرنے والے سیکیورٹی فورسز کے 14 اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا جبکہ انوار الحق نے شہداء کی بلندیِ درجات اور اہلِ خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔
نگران وزیراعظم نے کہا کہ شہداء نے ملک کی حفاظت کی خاطر اپنی جانوں کا نظرانہ پیش کیا، مجھ سمیت پوری پاکستانی قوم کو اپنے شہداء پر فخر ہے۔
انوار الحق نے یہ بھی کہا کہ دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے، دہشتگردوں کے ایسے بزدلانہ حملے پاکستانی قوم اور اسکے رکھوالوں کے حوصلے کبھی پست نہ کر پائیں گے۔
نگران وزیراعظم انوار الحق نے مزید کہا کہ پوری قوم دہشتگردی کے اس ناسور کے خاتمے کیلئے اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
گوادر :سیکیورٹی فورسز کی 2 گاڑیوں پر حملہ،14 فوجی جوان شہید
گوادر میں سیکیورٹی فورسز کی 2 گاڑیوں پر دہشتگردوں نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں 14 فوجی جوان شہید ہوگئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق گوادر میں پسنی سے اورماڑہ جانے والی سیکیورٹی فورسز کی 2 گاڑیوں پر حملہ ہوا، افسوسناک واقعے میں 14 فوجی جوان شہید ہوئے، حملے کے بعد علاقے میں سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں نے گھات لگا کر قافلے پر حملہ کیا، حملے میں ملوث دہشتگردوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے آپریشن جاری ہے، فورسز ملک سے دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں
