اسرائیلی فوج نے ایک بار پھر غزہ کا محاصرہ کر لیا ہے، مبصرین کا دعویٰ ہے کہ اسرائیل غزہ پر بڑے حملے کی تیاری کر رہا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق گزشتہ روز غزہ کا مواصلاتی رابطہ منقطع کرنے کے بعد اسرائیلی افواج نے علاقے کا محاصرہ کر لیا ہے، اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ غزہ پر بڑے حملے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
اسرائیلی فوجیوں نے غزہ کے شمالی اور جنوبی حصوں کو تقسیم کر دیا ہے کیونکہ جنگ شروع ہونے کے بعد سے پیر کے روز تیسری بار محصور علاقے میں مواصلاتی رابطے عارضی طور پر منقطع کر دیے گئے تھے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق یہ فوجی آج کی رات یا منگل کو غزہ شہر میں داخل ہوں گے۔
صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ یہ پیش رفت اتوار کے روز وسطی غزہ کی پٹی میں دو پناہ گزین کیمپوں پر اسرائیلی فضائی حملوں کے بعد سامنے آئی ہے، جس میں متعدد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
اسرائیل نے اب تک مختلف ممالک کی جانب سے غزہ پر مسلسل بمباری اور شہریوں کی بڑھتی ہوئی ہلاکتوں سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر جنگ بندی کی تجاویز کو مسترد کر دیا ہے۔
غزہ میں حماس کے زیر انتظام وزارت صحت کے مطابق اسرائیل اور حماس کی جنگ میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جن میں 4000 سے زائد بچے اور نابالغ شامل ہیں۔
مقبوضہ مغربی کنارے میں تشدد اور اسرائیلی حملوں میں 140 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔
امریکہ، مصر، اسرائیل اور قطر کے درمیان حماس کے ساتھ ثالثی کرنے والے ایک معاہدے کے تحت بدھ سے اب تک تقریبا 1100 افراد رفح کراسنگ کے ذریعے غزہ کی پٹی چھوڑ چکے ہیں۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں




















