محسن نقوی نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کیلئے قوم یکساں ہے۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے خیبر کی وادی تیراہ میں دہشت گردوں کی سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے۔
محسن نقوی نے فائرنگ سے شہید ہونے والے لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر اور دیگر جوانوں کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت کیا اور کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل محمد حسن حیدر ، شہید نائیک خوشدل خان، نائیک رفیق خان اور لانس نائیک عبدالقادر نے شہادت کا بلند رتبہ پایا۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ شہید لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر اور دیگر جوانوں نے بہادری کے ساتھ دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا، لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر اور دیگر شہداء کی عظیم قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں۔
محسن نقوی نے یہ بھی کہا کہ شہید لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر اور دیگر شہداء قوم کے ہیرو ہیں جنہوں نے جرات کے ساتھ دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لئے قوم یکساں ہے ،ہماری تمام تر ہمدردیاں شہداء کے لواحقین کے ساتھ ہیں، شہداء کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ اتحاد کی طاقت سے پاک دہرتی سے دہشت گردوں کا ناپاک بوجھ اتار پھینکیں گے، شہداء کی لازوال قربانیوں کو کسی صورت رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔
خیبر؛ سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، لیفٹیننٹ کرنل سمیت 4 جوان شہید، 3 دہشتگرد ہلاک
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خیبر کے علاقے تیرہ میں انٹیلی بیسڈ آپریشن کیا، لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر کی قیادت میں ٹیم نے مؤثر کارروائی کی، دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کی قیادت لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر نے کی
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کا کامیابی سے محاصرہ کیا اور ان کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، دوران آپریشن سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 3 دہشت گرد مارے گئے اور 3 دہشت گرد زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں سے شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 4 جوانوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔شہداء میں ٹیم لیڈر اسلام آباد کے 43 سالہ لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر، لکی مروت کے 31 سالہ نائیک خوشدل خان، چارسدہ کے 27 سالہ نائیک رفیق خان اور مری کے 33 سالہ لانس نائیک عبدالقادر شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، بہادر جوانوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں
