نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ بنیادی صحت کی سہولیات ہر پاکستانی کا حق ہے اور حکومت عام آدمی کی ان تک رسائی یقینی بنائے گی۔
تفصیلات کے مطابق عالمی ادارہِ صحت کے پاکستان میں نمائندے ڈاکٹر پلیتھا ماہی پالا نے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے ملاقات کی جس میں انوار الحق نے عالمی ادارہ صحت اور دیگر شراکت داروں کا پاکستان کے شعبہ صحت میں اصلاحات میں تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
ملاقات میں نگران وزیرِ اعظم کو آگاہ کیا گیا کہ پاکستان میں 464 صحت کے بنیادی مراکز کی اَپ گریڈیشن ایک میگا پراجیکٹ ہے جس پر کام آئندہ دو ماہ کی قلیل مدت میں مکمل کر لیا جائے گا۔
انوار الحق کو مزید بتایا گیا کہ موبائل ہیلتھ یونٹس نہ صرف لوگوں کو علاج معالجے کی بنیادی سہولیات فراہم کریں گے بلکہ ڈیجیٹل نظام کے تحت یہ یونٹ صحت کے مرکزی نظام سے منسلک ہونگے اور مریضوں کو بڑے اسپتالوں میں ریفر بھی کر سکیں گے۔
ملاقات میں نگران وزیرِ اعظم نے عالمی ادارہ صحت کی جانب سے پورے پاکستان بشمول گلگت بلتستان و آزاد کشمیر میں بنیادی صحت مراکز کی اَپ گریڈیشن کے اقدام پر خراجِ تحسین پیش کیا۔
انوار الحق نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت کے عطیہ کردہ موبائل ہیلتھ کلینکس و ایمبیو لینسسز سے بنیادی صحت کی سہولیات عام آدمی کی دہلیز تک پہنچائی جائیں گی۔
نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے مزید کہا کہ دور دراز علاقوں میں مقیم لوگوں تک بنیادی صحت کی سہولیات پہنچانے کیلئے موبائل ہیلتھ یونٹس کلیدی اہمیت کے حامل ہیں، بنیادی صحت کی سہولیات ہر پاکستانی کا حق ہے اور حکومت عام آدمی کی ان تک رسائی یقینی بنائے گی۔
ملاقات میں نگران وفاقی وزیرِ صحت ڈاکٹر ندیم جان اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔
بعد ازاں نگران وزیرِ اعظم انوار الحق نے عالمی ادارہ صحت اور وزارتِ قومی صحت کے مابین لیٹر آف انڈر اسٹینڈنگ پر دستخط کی تقریب میں بھی شرکت کی جبکہ نگران وزیرِ اعظم انوار الحق نے عالمی ادارہ صحت کی جانب سے عطیہ کی گئیں 5 ایمبیولینس، ایک موبائل کلینک اور 2 ویکسینیشن وینز کا بھی جائزہ لیا۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں
