راولپنڈی: پاک فضائیہ کے شعبہ تعلقات عامہ نے علامہ محمد اقبال کے 146ویں یوم پیدائش کی مناسبت سے ایک مختصر دستاویزی ویڈیو کا اجراء کیا ہے جس میں شاعر مشرق کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق علامہ محمد اقبال کی شاعری میں فکر و خیال کی گہرائی ملتی ہے، تخلیق عرض پاک انہی کی فکری کاوشوں سے سرانجام پائی ہے۔
پاک فضائیہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل کو شاہین کا تخاطب دے کر اقبال رفعت خیال، جذبہ عمل، وسعت نظری اور جرأت رندانہ پیدا کرنا چاہتے تھے اور نوجوان نسل کے جذبہ تجسس کی بھرپور تکمیل بھی چاہتے تھے۔
ترجمان نے بتایا کہ شاہین جو پرندوں کی دنیا کا درویش ہے، اپنی خودی پہنچانتا ہے، تجسس اس کی فطرت اور جھپٹنا اس کی عادت ہے، شاہین فضائے بسیط کا واحد حکمران ہے جو فضاؤں اور بلندیوں سے محبت کرتا ہے۔
دستاویزی فلم میں اس عہد کی تجدید کی گئی ہے کہ پاک فضائیہ کا ہر شاہین مادر وطن کی حفاظت کے لئے ہمہ وقت تیار ہے، قربانی سے گریز نہیں کرے گا۔
یاد رہے کہ شاعر مشرق اور عظیم مفکر ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کا 146 واں یوم پیدائش آج منایا جا رہا ہے، جس کے پیش نظر مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا ہے۔
مفکرِ پاکستان ڈاکٹرعلامہ محمد اقبال کے یومِ ولادت کے موقع پر مزارِ اقبال پر پرُوقار تبدیلی گارڈ کی تقریب منعقد ہوئی جہاں پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے اعزازی گارڈ کے فرائض سنبھالے جبکہ پاکستان نیوی کے اسٹیشن کمانڈر لاہور کموڈور ساجد حسین تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
گارڈز کی تعیناتی کے بعد قومی شاعر کے مزار پر گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان، امیرالبحر ایڈمرل نوید اشرف، پاک بحریہ کے افسران، سیلرز اور نیوی سویلینز کی جانب سے پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں
