Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

چیئرمین پی ٹی آئی کی فرنٹ پرسن فرح گوگی کی کرپشن کی داستان سامنے آ گئی

پی ٹی آئی کی تین سالہ حکومت کےدوران عجب کرپشن کی غضب کہانی، چیئرمین پی ٹی آئی کی فرنٹ پرسن فرح گوگی کی کرپشن کی داستان سامنے آ گئی۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کے نام نہاد ایمانداری کے بیانیے کی اصل حقیقت آشکارہوگئی۔ چیئرمین پی ٹی آئی کی فرنٹ پرسن کے طورپرکام کرنے والی فرح گوگی کی کرپشن کی ہوشربا داستان سامنے آ گئی، فرحت شہزادی عرف فرح گوگی کے ظاہری اورغیرظاہری اثاثوں میں2017 سے2020 تک 4520 ملین روپے کا حیرت انگیز اضافہ ہوا۔

فرح گوگی 2020 میں 950 ملین روپے کے اثاثوں کو خود تسلیم کرتی ہیں جبکہ اس کے علاوہ ان کے غیر ظاہری مگر ملکیتی اثاثے 3825 ملین روپے ہیں۔ صرف تین سالوں میں ظاہری اثاثوں میں 420 فیصد جبکہ غیر ظاہری اثاثوں میں 15300 فیصد اضافہ ہوا۔

یہاں یہ بات قابل ذکرہے کہ یہ اثاثے فرح گوگی کی ذاتی ملکیت ہیں جبکہ احسن جمیل گجراورباقی رشتہ داروں اور حصہ داروں کے اثاثے اس کے علاوہ ہیں۔

ایس ای سی پی کے ریکارڈ کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کی فرنٹ پرسن فرح گوگی غوثیہ بلڈرز(ایس ایم سی پرائیویٹ لمیٹڈ) البراق ہاوسنگ پرائیویٹ لمیٹڈ، البراق فوڈز پرائیویٹ لمیٹڈ، المعز ڈیری اینڈ فوڈز پرائیویٹ لمیٹڈ، المعز پراپرٹیز پرائیویٹ لمیٹڈ، دیان پراپرٹیز پرائیویٹ لمیٹڈ، ڈاکٹرزکلینکل کیئرپرائیویٹ لمیٹڈ، سینا ٹوریا ہاسپٹل مینجمنٹ کمپنی پرائیویٹ لمیٹڈ نامی کمپنیوں میں حصے دارہیں۔

3 دسمبر 2019 کو ایک مشہور پراپرٹی ٹائیکون سے آوٹ آف کورٹ معاہدہ کے تحت UK کی نیشنل کرائم ایجنسی نے 190 ملین پاؤنڈز پی ٹی آئی کی حکومت کو واپس کیے۔ چیئر مین پی ٹی آئی کی فرنٹ پرسن فرح گوگی نے اس واردات کے عوض 19 جولائی 2021 کو معروف پراپرٹی ٹائیکون سے ان کی ہاؤسنگ اسکیم میں 240 کنال زمین اپنے نام کروائی۔

’’ فرح گوگی کے کہنے پر عثمان بزدار کو وزیراعلیٰ پنجاب لگایا گیا ‘‘

یہ 240 کنال کی قیمتی زمین فرنٹ پرسن فرح گوگی کورشوت کے طورپرمنتقل کی گئی۔ اس رشوت کے عوض پی ٹی آئی کی حکومت نے 460 بلین روپے کے ہرجانے کے کیس کی پیروی سے اجتناب کیا اورچیئر مین پی ٹی آئی کی معاونت سے فرح گوگی نے 2018 میں اعلان کی گئی ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کا بھی بھر پورفائدہ اٹھایا۔

489 ملین روپے سے زائد کالا دھن، جو مختلف پوسٹنگ اور ٹرانسفر اور اپنی کمپنیوں کےلیے سرکاری ٹھیکوں کی مد میں بطور رشوت وصول کیا گیا، کو ریگولائز کروایا گیا۔ اس بہتی گنگا میں ہاتھ دھونے والے چیئر مین پی ٹی آئی کے کئی اور ساتھی بھی شامل ہیں۔

کرپشن کی اس ہوشربا داستان میں بہاولپوراورگجرانوالہ میں زرعی زمین، اسلام آباد اورلاہور میں رہائشی اور کمرشل جائیدادیں اور چکری میں 200 کنال زرعی زمین بھی شامل ہیں۔ یہ تمام جائیدادیں ملکیتی مگرغیرظاہر شدہ ہیں۔

فرح گوگی کرپشن کی داستان صرف پاکستان تک محدود نہیں بلکہ تحقیقات سےثابت ہوتا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی فرنٹ پرسن منی لانڈرنگ جیسے گھناؤنے جرائم کی بھی مرتکب ہوئیں۔ فرح گوگی اور ان کے شوہر برطانیہ میں بطورجعلی ڈاکٹرگولڈ سٹار یورو پرائیویٹ لمیٹڈ میں بطور ڈائریکٹر کام کرتے رہے۔ گولڈ سٹار یورو پرائیویٹ لمیٹڈ ایک شیل کمپنی کے طورپرمنظرعام پرآئی۔

یکم فروری 2022 کو یہ کمپنی تحلیل کردی گئی جبکہ 11 فروری 2022 کو مانیکا پرائیویٹ لمیٹڈ کاقیام عمل میں لایا گیا۔ فرح گوگی کے پاکستان میں موجود بنک اکاؤنٹس کی تعداد میں 2019 سے 2021 تک مسلسل اضافہ دیکھا گیا۔ 426 ملین روپے کا بھاری سرمایہ صرف ایک بنک اکاؤنٹ میں 2018 سے 2022 تک 47 مختلف ٹرانزیکشن کے ذریعے ڈیپازٹ کروایا گیا۔ اس کی بھی مکمل تفصیلات موجود ہیں۔

اس کے علاوہ فرح گوگی، احسن جمیل گجراوران کے پارٹنرزکے ملک بھر میں 102 بینک اکاونٹس سامنے آئے ہیں۔ ان کی کل مالیت ساڑھے 14 ارب روپے ہے۔ یہ اس پیسے کا حصہ ہے جوچیئرمین پی ٹی آئی کی فرنٹ پرسن کے طور پر لیا گیا۔

علاوہ ازیں، دستاویزی اور تکنیکی شواہد فرح گوگی کی ہوشربا رشوت اور کرپشن کی داستان کے منہ بولتے ثبوت ہیں۔ عمران خان کی حکومت کے خاتمے کے ساتھ اس بھیانک واردات کی مرکزی کردار فرح گوگی کا ملک سے فرار ہوجانا ایک سوچے سمجھے منصوبے کا حصہ ہے۔

رہنما ن لیگ عطا تارڑنے پریس کانفرنس میں بتایا کہ فرح گوگی کوٹیکس ایمنسٹی اسکیم میں کالادھن وائٹ کرنےکاموقع دیا گیا

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں۔

ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں۔

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version