Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

امراض قلب سے بچنے کیلئے طرز زندگی میں تبدیلی کی ضرورت ہے، صدر مملکت

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ امراض قلب سے بچنے کے لیے غذا اور طرز زندگی میں تبدیلی کی ضرورت ہے۔

تفصیلات  کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پشاور میں منعقدہ پاکستان سوسائٹی آف کارڈیو ویسکولر اینڈ تھوراسک سرجنز کی 12ویں دو سالہ کانفرنس سے ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں میں دل کی بیماریوں کی بھی تشخیص ہو رہی ہے،احتیاطی تدابیر سے نہ صرف بیماری کا خطرہ بلکہ قومی صحت کے نظام پر بوجھ بھی کم ہوتا ہے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ دل کی بیماریوں کا طویل علاج اور سرجری مریضوں کے لیے ناقابل برداشت ہو گئی ہے، اس لیے صحت مند غذا کا استعمال، فعال طرز زندگی اپنانے اور تمباکو نوشی کو چھوڑنے سے دل کی بیماریوں پر قابو پانے کی کوششوں پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

صدر مملکت نے یہ بھی کہا کہ ملک میں غذائی قلت اور موٹاپے کے واقعات ساتھ ساتھ رپورٹ ہو رہے ہیں اور یہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ جنک فوڈ کے بجائے صحت بخش غذا کے استعمال کے بارے میں بیداری پیدا کرے، امراض قلب سے بچنے کے لیے غذا اور طرز زندگی میں تبدیلی کی ضرورت ہے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے ڈاکٹروں اور طبی ماہرین پر زور دیا کہ وہ احتیاطی نگہداشت کی حوصلہ افزائی کرکے اور عام لوگوں کو واک اور مخصوص مشقوں کے معمولات کو اپنانے پر آمادہ کرکے معاشرے کی بہتر خدمت کر سکتے ہیں۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ذہنی تناؤکے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ مجموعی طور پر تقریباً 24 فیصد آبادی کو یہ مسئلہ درپیش ہے اور تقریباً 60 سے 80 فیصد اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والے طلباء اس کا شکار ہیں۔

اس موقع پر پشاور انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے سی ای او اور کانفرنس کے کنوینر پروفیسر ڈاکٹر شاہکار احمد شاہ نے کہا کہ پی آئی سی خیبرپختونخوا کا پہلا جدید ترین سرکاری ہسپتال ہے جو آئی ایس او سرٹیفیکیشن حاصل کرنے والا پہلا ہسپتال ہونے کے ناطے صحت کی دیکھ بھال کی خدمات فراہم کر رہا ہے۔

 

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں

Exit mobile version