بلاول بھٹو نےکہا ہے کہ پیپلزپارٹی کے جیالے الیکشن کے لیے تیار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے نوشہرہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک شخص کو وزیراعظم بنانے کی تیاری کی جارہی ہے، اگر ہم نے الیکشن سے پہلے نتائج طے کرنا ہے تو پھر کوئی فائدہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ صاف شفاف الیکشن نہ ہوئے تو معیشت اور دہشت گردی کے مسائل حل نہیں ہوں گے اور نہ پاکستان خارجی سطح پر کوئی واضح مؤقف و پالیسی اختیار کرسکے گا، ایسی صورت میں ایک وزیر اعظم بنے گا تو دوسرا دھاندلی پر احتجاج کی سیاست کرے گا۔
بلاول بھٹو نے یہ بھی کہا کہ میاں نواز شریف نے تاجر برادری اور صنعت کاروں کو پیش کش کی کہ سرمایہ کاری کا سوال نہیں کیا جائے گا، ایسی صورت حال میں عوام کی کے حقوق پامال ہوتے ہیں، کاروباری افراد کو اپنا نفع عوام کے ساتھ شیئر کرنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک طرف جیل والے دوسری طرف دو تہائی اکثریت والے ہیں، 70 سال سے سیاست کرنے والے بزرگ اپنے منشور پر الیکشن لڑیں، عوام جانتے ہیں کہ پیپلزپارٹی کے پاس ہی مسائل کا حل ہے۔
بلاول بھٹو کا یہ بھی کہنا تھا کہ ضمنی اور بلدیاتی الیکشن سے بھاگنے والی پارٹی کو عوام وہ جواب دیں گے کہ نسلیں یاد رکھیں گی، خیبر پختونخوا کے جیالے جاگ چکے ہیں اور وہ الیکشن کے لیے تیار ہیں، جیالے الیکشن سے بھاگ نہیں رہے بلکہ الیکشن کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بہت مشکلات اور مسائل ہیں جبکہ مہنگائی تاریخی سطح پر پہنچ چکی ہے اور بیروزگاری، غربت تاریخی سطح پر ہے۔معاشرے میں اتنی نفرت اور تقسیم پہلے نہیں دیکھی، ہمیں تمام مسائل کا حل نکالنا ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ عوام کو معلوم ہے تمام مسائل کا حل روٹی کپڑا مکان کا نعرہ لگانے والوں کے پاس ہے، جب تک غربت، بیروزگاری، مہنگائی رہے گی تب تک پیپلز پارٹی کا نعرہ یہی رہے گا۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں
