Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

حماس کی ایلون مسک کو فلسطین کی تباہی دیکھنے کے لیے غزہ آنے کی دعوت

حماس نے ایکس کے مالک ایلون مسک کو دعوت دی ہے کہ وہ غزہ آخر اپنی آنکھوں سے اسرائیل کے ہاتھوں فلسطین کی تباہی کا منظر دیکھیں۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق حماس کے سینیئر رہنما اسامہ حمدان نے بیروت میں پریس کانفرنس کرتے  ہوئے کہا کہ جس طرح ایلون مسک نے اسرائیل کا دورہ کیا، اسی طرح ہم انہیں دعوت دیتے ہیں کہ وہ غزہ کا دورہ کریں تاکہ اسرائیلی بمباری سے ہونے والی بمباری کا منظر اپنی آنکھوں سے دیکھ سکیں۔

اسامہ حمدان نے کہا کہ غزہ کا دورہ کرکے ایلون مسک کو بھی اندازہ ہوجائے گا کہ اسرائیل نے گزشتہ ماہ 7 اکتوبر سے عارضی جنگ بندی تک غزہ میں کس طرح وحشیانہ بمباری کی۔

حماس کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے اپنے فلسطینی قیدیوں کی وجہ سے اسرائیلیوں کو یرغمالی بنایا تھا، اگر اُن کے پاس ہمارے قیدی نہیں ہوتے تو ہمیں اسرائیلیوں کو یرغمالی بنانے کی ضرورت نہ ہوتی جب کہ اسرائیلی قید سے رہا ہونے والے فلسطینیوں نے اسرائیل کے وحشیانہ رویے کے بارے میں بتایا ہے۔

خیال رہے کہ اسرائیل نے غزہ کا مواصلاتی ٹاورز تباہ کر دیا تھا جس کے بعد غزہ کا بیرونی دنیا سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا انٹرنیٹ سروس معطل ہونے کے بعد سماجی پلیٹ فارم ’ایکس‘ کے مالک ایلون مسک نے غزہ میں اسٹارلنک کے ذریعے انٹرنیٹ فراہمی کا اعلان کیا تھا تاہم اسرائیل نے ایلون مسک پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا کہ وہ اسٹارلنک کے ذریعے غزہ میں انٹرنیٹ فراہمی کو روکنے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔

دوسری جانب ایلون مسک کے دورہ اسرائیل کے دوران انہیں حماس کے حملے کی فوٹیج بھی دکھائی گئی اور انہوں نے ایسے خاندانوں سے بھی ملاقات کی جن کے عزیز حماس کی قید میں تھے۔

بعد ازاں ایلون مسک نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے بھی ملاقات کی تھی، جس میں انہوں نے حماس کو ختم کرنے پر اتفاق کیا۔ ایلون مسک کا کہنا تھا کہ نفرت کو روکنے کے لیے جو بھی ضروری ہے وہ کرنا پڑے گا کیوں کہ اس کے علاوہ کوئی اور راستہ نہیں ہے۔

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ اگر آپ غزہ میں امن، سلامتی اور بہتر زندگی چاہتے ہیں تو حماس کو ہمیشہ کے لیے ختم اور اس کی زہریلی حکومت سے چھٹکارا حاصل کرنا ہوگا جیسا کہ جرمنی اور جاپان میں کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ ایلون مسک کو یہود مخالف ٹوئٹ کرنے پر صارفین نے تنقید کا نشانہ بنایا تھا جس کے بعد والٹ ڈزنی سمیت اہم کمپنیوں نے ایکس کو اشتہارات دینے پر پابندی عائد کردی تھی۔

متعلقہ خبریں