سربراہ ایم کیو ایم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی کا راستہ کراچی کی ترقی سے ہوکر گزرتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کورنگی ٹاؤن کا دورہ کیا جہاں انہوں نے کورنگی ٹاؤن کے ذمہ داران و کارکنان سے ملاقات کی اور کامیاب جلسے کے انعقاد پر شاباشی دی۔
ترجمان ایم کیو ایم کے مطابق ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کے ہمراہ رابطہ کمیٹی اور سینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین بھی موجود تھے۔
ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نےکہا کی ایم کیو ایم پاکستان عام انتخابات میں اپنی تمام روائتی نشستوں پر کامیابی حاصل کرے گی، کراچی کے مسائل اُس وقت حل ہونگے جب کراچی کے تعلیم یافتہ نوجوان منتخب ہوکر ایوانوں میں پہنچیں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ کراچی کے نوجوان منتخب ہوکر 6 مہینوں میں کراچی کا نقشہ بدل کر رکھ دیں گے، پاکستان کی معیشت استحکام کی جانب گامزن ہے، انشااللہ معاشی حالات بتدریج بہتر ہونگے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ پاکستان کی ترقی کا راستہ کراچی کی ترقی سے ہوکر گزرتا ہے، کراچی کی ترقی کا راستہ روکنے والا پاکستان کا کھُلا دشمن ہے، پاکستان سے وفاداری کا تقاضہ ہے کہ کراچی کو اُس کے جائز حقوق دیئے جائیں۔
