گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ اردو زبان پاکستان میں کلیدی اہمیت کی حامل ہے۔
تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے آرٹس کونسل میں منعقدہ عالمی مشاعرہ میں شرکت کی جہاں انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں اکناف عالم سے آئے ہوئے شعرائے کرام کو شہر قائد میں خوش آمدید کہتا ہوں، اردو کے فروغ میں مشاعروں کا بہت بڑا ہاتھ ہے۔
انہوں نے کہا کہ مشاعروں کی روایت بھی اردو زبان جتنی قدیم ہے۔ میر تقی میر، خواجہ میر درد، مرزا غالب، ذوق، داغ، مومن، سودا، فانی، حسرت موہانی، حالی، نظیر اکبر آبادی سے اقبال تک تمام ہی شعرا نے اردو کے حسن کو بڑھایا۔
کامران خان ٹیسوری نے یہ بھی کہا کہ اردو زبان پاکستان میں کلیدی اہمیت کی حامل ہے ، اسے برصغیر میں رابطہ کی زبان سمجھا جاتا تھا، آج بھی اس کی وہی حیثیت برقرار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بابائے قوم نے اسے مملکت اسلامیہ پاکستان کی سرکاری زبان قرار دیا، تمام تر مشکلات کے باوجود اردو زندہ ہے اور اس کے چاہنے والوں کی کوئی کمی نہیں۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں تقسیم کردیا گیا ہے، ہمیں اس وطن کو ٹھیک کرنا ہوگا، کوشش ہے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات کروں۔
