مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف اور مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت کے درمیان ملاقات ختم ہو گئی۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات 40 منٹ تک جاری رہی جس میں ملکی سیاسی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
قائد پاکستان مسلم لیگ ن نواز شریف اور شہباز شریف کی چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات۔۔۔ pic.twitter.com/UKdd2dffmh
— PMLN (@pmln_org) December 6, 2023
نواز شریف پارٹی کے دیگرکے ہمراہ ظہورالٰہی روڈ پرواقع چوہدری شجاعت حسین کی رہائش گاہ پرپہنچے۔ نواز شریف اور لیگی قیادت کی آمد پر مسلم لیگ ق کے رہنماؤں نے ان کا استقبال کیا۔
نوازشریف نے چوہدری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی اوران کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
سابق وزیرِاعظم شہبازشریف، مریم نواز، رانا ثناء اللّٰہ، ایاز صادق اور اعظم نذیر تارڑ بھی نواز شریف کے ہمراہ تھے جبکہ چوہدری وجاہت حسین، سالک حسین اور شافع حسین شامل ملاقات میں موجود تھے۔
سابق وزیراعظم نوازشریف 15 سال بعد ملاقات کے لیے چوہدری شجاعت کی رہائشگاہ گئے تھے۔
مسلم لیگ ق نے ملاقات کے بعد اپنی پارٹی قیادت کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے، جس میں مسلم لیگ ن کے رہنماؤں سے ملاقات کے بارے میں اپنے رہنماؤں کو اعتماد میں لیا جائے گا۔
پارٹی ذرائع کے مطابق نوازشریف نے اپریل 2022 میں تحریک عدم اعتماد اور بعد میں پی ڈی ایم کی حکومت میں بھرپورساتھ دینے پرمسلم لیگ ق کی قیادت کا شکریہ ادا کیا، ملاقات کے دوران نوازشریف اور چوہدری شجاعت حسین نے ماضی کی خوشگوار یادوں کو بھی تازہ کیا۔
