Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

حماس کی قید سے رہا ہونیوالے اسرائیلی شہری نیتن یاہو پر برس پڑے

حماس کی قید سے رہا ہونے والے اسرائیلیوں نے ایک ملاقات کے دوران اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے فلسطینی قیدیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کردیا۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے حماس کی قید سے رہا ہونے والے اسرائیلیوں سے ملاقات کی جس میں ہونے والی گفتگو ایک اسرائیلی ویب سائٹ نے جاری کی۔

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ ہمارے حملوں نے حماس پر دباوْ پر ڈالا جس کے بعد اُنہوں نے ہمارے قیدیوں کو رہا کیا، جس پر ایک اسرائیلی قیدی کے رشتہ دار نے کہا کہ یہ سب بکواس ہے، اسرائیلی وزیراعظم اس بات پر بھڑک اٹھے اور کہا کہ جو میں کہہ رہا ہوں بس وہی سچ ہے۔

حماس کی قید سے رہا ہونے والے ایک اسرائیلی نے کہا کہ حماس اور فلسطینی شہری اسرائیلی بمباری کی زد میں ہیں، اُن کی جانوں کو خطرہ ہے۔ ایک اور خاتون نے کہا کہ میرا شوہر اب بھی قید ہے، حماس نے ہمیں جس جگہ رکھا ہوا تھا وہاں مسلسل اسرائیلی طیارے بمباری کرتے تھے۔

اسرائیلی خاتون نے مزید کہا کہ اس بمباری کے نتیجے میں کچھ اسرائیلی قیدی زخمی بھی ہوئے تھے اور جب حماس کے سپاہی ہمیں غزہ لے جارہے تھے تو اُس وقت بھی اسرائیل نے اُن پر گولیاں برسائیں۔

اسرائیلی خاتون شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ تمام فلسطینی قیدیوں کو فوری رہا کیا جائے اور اب یہ جنگ ختم کی جائے۔ رپورٹ کے مطابق ملاقات کے دوران اسرائیلوں نے وزیراعظم نیتن یاہو کے سامنے شرم کرو، شرم کرو کے نعرے بھی لگائے۔

متعلقہ خبریں