Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کا غزہ پر سلامتی کونسل کی ناکامی کا اعتراف 

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے غزہ کی صورت حال پر سلامتی کونسل کی ناکامی کا اعتراف کردیا۔ 

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق  قطر میں دوحہ فورم سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیریس نے غزہ کی صورتحال پر سلامتی کونسل کی کارکردگی پر اظہار افسوس کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ غزہ میں مستقل جنگ بندی کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ پر فضائی بمباری کے نتیجے میں ہونے والی تباہی پر سلامتی کونسل کے ارکان کی رائے منقسم ہے جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں  اور اسی چیز نے سلامتی کونسل جیسے عالمی ادارے کو مفلوج کرکے رکھ دیا ہے

انتونیو گوتریس  کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل کے رکن ممالک جیو اسٹریٹیجک تقسیم کی وجہ سے غزہ میں 7 اکتوبر سے شروع ہونے والی ’اسرائیل اور حماس جنگ‘ کا حل نہیں نکال سکے جس سی ادارے کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ سلامتی کونسل ایسا کرنے میں ناکام رہی لیکن میں وعدہ کرتا ہوں کہ ہار نہیں مانوں گا۔

خیال رہے کہ غزہ پر ہونے والے اقوام متحدہ کے سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس بے نتیجہ ثابت ہوئے ہیں اور رکن ممالک ایک متفقہ اعلامیہ جاری کرنے میں بھی ناکام رہے۔

واضح رہے کہ غزہ میں 7 اکتوبر کے بعد سے اب تک اسرائیل کے حملوں میں اب تک 17 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں  جس میں نصف سے زائد تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔ اس کے علاوہ زخمیوں کی تعداد 50 ہزار تک پہنچ چکی ہے۔

اسرائیلی برّی فوج نے اکتوبر کے آخر میں غزہ میں داخل ہوکر زمینی کارروائیوں کا آغاز کیا تھا اور تاحال حماس کے ہاتھوں مارے جانے والے اہلکاروں کی تعداد 97 ہوچکی ہے۔

متعلقہ خبریں