سوئزرلینڈ کے جنوبی قصبے میں مسلح شخص 2 افراد کو قتل کر کے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کی خبر کے مطابق سوئٹزرلینڈ کی پولیس جنوبی قصبے سیون میں پیر کے روز ایک خطرناک مسلح شخص کی تلاش کر رہی ہے جس نے دو افراد کو ہلاک اور ایک کو زخمی کر دیا تھا۔
بہت سے بھاری ہتھیاروں سے لیس پولیس اہلکار سیون میں شاہراہ پر گشت کر رہے ہیں، اور حملہ آور مسلح شخص کے لئے شہر کی تلاشی لے رہے ہیں۔
دولت مند الپائن ممالک میں ہونے والے اس نایاب واقعے میں ملوث 36 سالہ شخص کی تلاش کے لیے پولیس کی جانب سے بڑے پیمانے پر آپریشن جاری ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے صبح آٹھ بجے سے کچھ دیر قبل الپائن والس علاقے کے خوبصورت قصبے میں دو مختلف مقامات پر لوگوں پر گولیاں چلائیں۔
ریجنل پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ دو افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوا ہے اور اس شخص کے فائرنگ کے محرکات کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔
پولیس کے ترجمان کے مطابق ابتدائی معلومات سے پتہ چلتا ہے کہ حملہ آور اپنے متاثرین کو جانتا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ہم ممکنہ مجرم کی تلاش کر رہے ہیں اور کسی بھی صورت میں عوام کو اسے روکنے یا اس سے رابطہ کرنے کی کوشش نہیں کرنی چاہیے۔
والس پبلک پراسیکیوٹر کے دفتر نے قتل کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔




















