وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا ہے کہ کشمیری اپنی حق خودارادیت کی تحریک جاری رکھیں گے۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے کی شدید مذمت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی سپریم کورٹ نے کشمیریوں کے آئینی حقوق کا قتل کیا، بھارتی سپریم کورٹ سے کشمیریوں کو کوئی امید نہیں تھی۔
وزیراعظم آزادکشمیر نے یہ بھی کہا کہ بھارتی سپریم کورٹ نے انصاف کے تقاضوں کو پامال کیا، مجھے یقین تھا کہ بھارتی سپریم کورٹ بھارتی حکومت کے فیصلے کا دفاع کرے گی۔
چوہدری انوارالحق کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کو بھارت کے کسی ادارے حتی کہ بھارتی سپریم کورٹ سے بھی کوئی امید نہیں تھی ، تمام بھارتی ادارے کشمیریوں کے انسانی حقوق کی پامالی میں ملوث ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ شہداء کشمیر نے تحریک آزادی کو اپنے خون سے سینچا ہے ، کشمیری اپنی حق خودارادیت کی تحریک جاری رکھیں گے۔
وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق کا مزید کہنا تھا کہ بھارت ہندوتوا کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، کشمیری الحاق پاکستان کے داعی ہیں، انشاءاللہ کشمیری الحاق پاکستان کی منزل حاصل کر کے رہیں گے۔
واضح رہے کہ بھارتی سپریم کورٹ نے 5 اگست 2019 کو مقبوضہ کشمیرسے متعلق سیاہ اقدام کو قانونی قرار دے دیا۔ بھارتی سپریم کورٹ کے 5 رکنی بینچ نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے خلاف درخواستوں پرمحفوظ فیصلہ سنایا۔
بھارتی سپریم کورٹ نے اپنے متفقہ فیصلے میں کہا کہ مرکزی حکومت کو فیصلوں کے لیے ریاست سے منظوری لینا ضروری نہیں، جموں کشمیر کے قوانین میں ترمیم کرنا مرکز کے اختیار میں نہیں ہے۔

















